لاہور(جنرل رپورٹر،مانیٹرنگ ڈیسک) سابق وزیراعظم میاں نواز شریف کا نجی ہسپتال میں دل اور گردوں کا ایم آر آئی مکمل کر لیا گیا ہے ۔ نواز شریف اپنے ذاتی معالج ڈاکٹڑ عدنان کیساتھ گلبرگ کے نجی ہسپتال پہنچے اور وہاں دل اور گردوں کی ایم آر آئی کرائی۔ ڈاکٹرز کے مطابق گردن اور دماغ میں خون کے بہاؤ میں کمی کی وجہ سے یہ ٹیسٹ کرائے گئے ۔ ذرائع کے مطابق نوازشریف کے خون کے بہاؤ کی تشخیص کیلئے ڈوپلر سٹڈی بھی کی گئی۔ نوازشریف کے گردوں میں پتھری کی تشخیص کیلئے سی ٹی کب، چھاتی اور ریڑھ کی ہڈی کا سی ٹی سکین بھی کیاگیا۔ نوازشریف کی نجی ہسپتال میں آمد پر سکیورٹی کے انتہائی سخت اقدامات کیے گئے تھے جبکہ اپنے قائد سے اظہار یکجہتی کیلئے کارکنوں کی بڑی تعداد بھی ہسپتال کے اطراف میں موجود رہی۔ مریم نواز نے ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف کے دل کی دھڑکن کو ترتیب میں لانے کیلئے پیس میکر اور آئی سی ڈی تجویز کی گئی ہے ۔ نوازشریف کی صحت سے متعلق رپورٹس رواں یا اگلے ہفتے کے اختتام تک مکمل ہو جائیں گی۔ نوازشریف کی صحت کے بارے میں متعلقہ ماہرین سے مشورہ کیا جا رہا ہے ، ہمیں نوازشریف کی صحت کے متعلق تمام معلومات کی ایک واضح تصویر چاہئے ۔