اسلام آباد(خبرنگار خصوصی؍ نیٹ نیوز؍ مانیٹرنگ ڈیسک)وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ نوجوان تاریخ کی سب سے بڑی شجر کاری مہم کے لئے تیار رہیں۔وزیراعظم نے ایک ٹویٹ میں کہا ہے کہ تمام پاکستانی خصوصاً نوجوان تاریخ کی سب سے بڑی شجر کاری مہم کے لئے تیار رہیں، ملک کو سرسبز بنانے کے لئے ہمیں بہت کچھ کرنے کی ضرورت ہے ۔اپنے ٹویٹ میں وزیر اعظم نے ایک تصویر بھی شیئر کی جس میں بتایا گیا ہے کہ کینیڈا میں فی فرد 10 ہزار 163 درخت، گرین لینڈ میں 4 ہزار 964، آسٹریلیا میں 3 ہزار 266، امریکہ میں فی فرد 699، فرانس میں203 ،اتھوپیا میں143، چین میں فی فرد130،برطانیہ میں 47 اور بھارت میں 28درخت ہیں جبکہ پاکستان میں فی فرد صرف 5 درخت ہیں۔وزیر اعظم نے ایک اور ٹویٹ میں کہا ہے کہ سٹیٹ بینک کی طرف سے اچھی خبر آئی ہے کہ روشن ڈیجیٹل پاکستان اکاوَنٹ نے اہم سنگ میل عبور کرلیا، دو روز قبل (25 جون) کو روشن ڈیجیٹل اکاوَنٹ میں مجموعی سرمایہ کاری ڈیڑھ ارب ڈالر سے زائد ہوگئی ، ان میں سے نیا پاکستان سرٹیفکیٹ میں ایک ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کی گئی،2 ماہ قبل ایک ارب ڈالر کے ریکارڈ کے بعد یہ دوسرا بڑا ریکارڈ ہے ۔