لاہور ،پشاور(جنرل رپورٹر،خبرنگار)ملک کے مختلف شہروں میں ڈینگی مچھرکے سنگین وار جاری ہیں اور پنجاب میں مزید 6افراد جاں بحق ہوگئے جبکہ ڈینگی کے مزید501مصدقہ مریض رپورٹ ہوئے جن میں سے 380لاہور سے سامنے آئے ۔سیکرٹری محکمہ پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کیئر پنجاب عمران سکندر بلوچ کے مطابق گزشتہ روز ڈینگی کے راولپنڈی سے 32،گوجرانوالہ سے 16، سرگودھا سے 10، قصورسے 8، اٹک اور وہاڑی سے 5پانچ،فیصل آباد، اوکاڑہ، ساہیوال اور شیخوپورہ سے 4چار جبکہ گجرات سے 3مریض رپورٹ ہوئے ۔مرنے والے تمام6 مریضوں کا تعلق لاہور سے تھا۔صوبہ میں ابتک ڈینگی بخار کے باعث81اموات ہو چکی ہیں۔ رواں سال پنجاب بھر سے ابتک ڈینگی کے 19595جبکہ لاہور سے 14525کنفرم کیس سامنے آچکے ۔صوبہ کے ہسپتالوں میں2106ڈینگی مریض زیرعلاج ہیں جبکہ لاہور کے ہسپتالوں میں1438ڈینگی مریض داخل ہیں۔ پنجاب بھر کے سرکاری ہسپتالوں میں اس وقت ڈینگی متاثرین کیلئے 5523بستر مختص ہیں۔گزشتہ روز محکمہ صحت کی ٹیموں نے پنجاب بھر میں1037مقامات سے ڈینگی مچھر کا لاروا تلف کیا ۔ادھرخیبر پختونخوا میں ڈینگی سے مزید 190افراد متاثر ہو گئے ۔ صوبے میں فعال ڈینگی کیسز کی تعداد 978 ہے اور مختلف ہسپتالوں میں 105افراد زیر علاج ہیں جن میں سے 52پشاور کے 4 ہسپتالوں میں داخل ہیں ۔صوبہ میں ڈینگی کے مزید 236مریض صحتیاب بھی ہو گئے ۔