لاہور؍ اسلام آباد(خصوصی نمائندہ؍ خصوصی نیوز رپورٹر)وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ شہباز شریف خدا کی بستی میں خدا کے بندوں پر خدا بن کے بیٹھے رہے ،قانون کی عمل داری رنگ دکھاتی ہے تو شہباز شریف کا رنگ پیلا پڑھ جاتا ہے ۔ان خیالات کا اظہارفردوس عاشق اعوان نے 90شارع پر پریس کانفرنس سے بات کرتے ہوئے کیا۔ فردوس عاشق اعوان نے کہا شہباز شریف نے آج شام غریباں پڑھ کر سنائی، شاہد خاقان نے ضمانت قبل از گرفتاری بھی نہیں کرائی، شاہد خاقان عباسی چوری کھانے والے مجنوں نہ بنیں، شاہد خاقان عباسی کی خواہش تھی کہ نیب انہیں گرفتار کرے ، نیب نے ان کی خواہش پوری کردی،شاہد خاقان نے تو نواز شریف کاساتھ دینے کا وعدہ کیاتھا،اتنی جلدی گھبراگئے ؟گرفتاریوں کے عمل میں وزیراعظم کو شامل کرنے کا الزام مسلم لیگ (ن) کی عداوت کی طرف اشارہ کرتا ہے ، وزیراعظم نے سب کیلئے قانون یکساں کیا ہے ، گرفتار ہونے والے عدالتوں میں جا کر اپنی بے گناہی ثابت کریں۔ انہوں نے کہا کہ شہباز شریف اپنے داماد کو پوری قوم کا داماد منوانے پر تلے ہوئے ہیں، کرپٹ لوگوں کو اپنی بیرون ممالک جائیدادیں بیچ کر واپس لانا ہوں گی۔انہوں نے کہا یہ آج دھمڑی اور دھیلے کی بات کررہے ہیں لیکن ان کی دھمڑی سے مطلب کھرب اور دھیلے سے مطلب ارب ہے ۔انہوں نے کہا شہباز شریف میڈیا کے بجائے اپنی صفائی عدالتوں میں دیں،ضمیر کی عدالت کے قیدی کو میڈیا میں آکر وضاحتیں دینے کی ضرورت پڑرہی ہے ۔انہوں نے کہا یہ نیا پاکستان ہے اور یہاں اب ادارے خواہشات کے تابع نہیں ہیں،حکومت میں کسی نے اختیارات کا غلط استعمال یاکرپشن کی ہو تو ضرور گرفتاری ہونی چاہئے ۔علاوہ ازیں فردوس عاشق اعوان نے ایک ٹویٹ میں کہا ہے کہ شاہی خاندان کے گھر اور اہل وعیال کے نام پر جائیدادوں کی ضبطگی قوم کے مال کی واپسی کے خواب کی تعبیر ہے ، تمام مجرم ایک ہی صف میں کھڑے ہوگئے ہیں، وزیراعظم عمران خان قانون کی حکمرانی کو یقینی بنا کر قوم سے کیا گیا عہد وفا نبھا رہے ہیں،پاکستان کی تاریخ میں یہ انہونی پہلی بار ہونے جا رہی ہے کہ لوٹا ہوا مال واپس ہورہا ہے ، لٹیروں کی صفوں میں بوکھلاہٹ اور افراتفری پھیل چکی ہے ۔