اسلام آباد (وقائع نگار؍ سپیشل رپورٹر؍ مانیٹرنگ ڈیسک) آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ کے بعد وزیراعظم عمران خان بھی 3 روزہ دورے پر سعودی عرب پہنچ گئے ۔ان کا جدہ ائیر پورٹ پر سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے استقبال کیا،وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی، وزیرِ داخلہ شیخ رشید ، گورنر خیبر پختونخوا شاہ فرمان، گورنر سندھ عمران اسماعیل، سینیٹر فیصل جاوید اور صوبائی وزیر علیم خان بھی وزیر اعظم کے ہمراہ ہیں۔بعدازاں عمران خان دیوانِ شاہی چلے گئے جہاں شہزادہ محمد بن سلمان نے وزیراعظم کے اعزاز میں عشائیہ دیا اور ون آن ون ملاقات کی۔اس موقع پر آرمی چیف بھی ان کے ہمراہ تھے ۔ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان دورے کے دوران معیشت، توانائی، تجارت، سرمایہ کاری پر بات چیت شیڈول ہے ۔وزیراعظم کے دورے میں جن شعبوں میں معاہدوں پر دستخط ہونا ہیں، ان میں گرین پاکستان، گرین سعودی عرب اور گرین مشرق وسطیٰ، نیشنل سپریم کوآرڈی نیشن کونسل کی تشکیل، وزارت داخلہ، ثقافت اور اطلاعات کے معاہدے شامل ہیں۔وزیر اعظم آج روضہ رسول ؐپر حاضری دینگے ، کل عمرہ ادا کرینگے ۔سعودی ولی عہد محمد بن سلمان وزیراعظم کے اعزاز میں عشائیہ بھی دینگے ۔وزیراعظم عمران خان او آئی سی کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر یوسف سے بھی ملاقات کریں گے جس میں اسلامو فوبیا اور عالم اسلام کے دیگر مسائل پر بات ہو گی۔ وزیراعظم جدہ میں پاکستانی کمیونٹی سے بھی ملیں گے ۔قبل ازیں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے ملاقات کی، جس میں باہمی دلچسپی، علاقائی سکیورٹی، افغان امن عمل اور تازہ پیشرفت پر بات چیت کی گئی۔ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق اس موقع پر شہزادہ محمد بن سلمان نے کہا دوطرفہ تعلقات کی بنیاد بھائی چارہ، باہمی اعتماد ہے ۔ سعودی ولی عہد نے کہا پاکستان کا خطے میں امن و استحکام کیلئے کردار قابل تعریف ہے ، دونوں ممالک امن و استحکام اور مسلم امہ کی بہتری کیلئے کردار ادا کرتے رہیں گے ۔آئی ایس پی آرکے مطابق آرمی چیف نے اول نائب وزیراعظم اور وزیر دفاع شہزادہ محمد بن سلمان اور نائب وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان سے بھی ملاقاتیں کیں۔ ملاقاتوں میں علاقائی سلامتی اور استحکام کیلئے دوطرفہ تعاون کے فروغ پر اتفاق اور افغان امن عمل اور دوطرفہ دفاعی تعاون کے فروغ پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات کے دوران جنرل باجوہ نے کہا سعودی عرب کی سالمیت اور بقا کے لئے پاکستان پرعزم ہے ، پاکستان سعودی عرب کے دونوں مقدس مقامات حرمین شریفین کے دفاع کے لئے ہردم تیار ہے ۔نائب وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان نے آرمی چیف سے ملاقات کے حوالے سے اپنے بیان میں کہا کہ پاکستان کے آرمی چیف کے ساتھ ملاقات انتہائی شاندار رہی، جنرل قمر جاوید باجوہ میرے بھائی ہیں۔ ملاقات میں دونوں ممالک کے دِفاعی تعلقات کے علاوہ خطے کے امن اور استحکام کے لئے دونوں ممالک کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق ملاقات میں دونوں ممالک کے مابین دفاعی شعبوں میں تعاون پر تبادلہ خیال سمیت خطے کی صورتحال اور چیلنجز پر بھی غور کیا گیا۔