اسلام آباد ( خبر نگار خصوصی) وزیر اعظم عمران خان سے سعودی عرب، ایران، ملائیشیا کے وزرائے خارجہ نے الگ الگ ملاقات کی۔ سعودی وزیرخارجہ سے ملاقات میں عمران خان نے کہا امیدہے عالمی برادری افغانستان کوتنہانہیں چھوڑے ،افغان عوام کی فوری مددکرے ، پاک سعودی دوطرفہ تعلقات انتہائی اہم ہیں۔ سعودی وزیرخارجہ نے وزرائے خارجہ اجلاس کی میزبانی پرپاکستان کاشکریہ ادا کرتے ہوئے کہا امیدہے افغانستان کی مددکیلئے عالمی برادری متحرک ہوگی۔علاوہ ازیں وزیراعظم سے ایرانی وزیر خارجہ ڈاکٹر امیر حسین نے ملاقات کی۔وزیراعظم نے کہا افغانستان میں معیار زندگی کو بہتر بنانے اور معاشی انہدام سے بچنے کیلئے بین الاقوامی انسانی امداد کی فوری ضرورت ہے ۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ غیر معمولی اجلاس سے اسلامی تعاون تنظیم کے رکن ممالک کو افغانستان کی مدد کا موقع ملے گا۔وزیراعظم نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ افغانستان میں طویل مدتی تعمیرنو اور انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ کیلئے اضافی طریقے تلاش کرے ۔ عمران خان نے دوستانہ دوطرفہ تعلقات کو اجاگر کیا اور انہیں مزید مستحکم کرنے کے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔وزیراعظم نے ایران کے صدر ابراہیم رئیسی کو دورہ کی دعوت دی۔ مزیدبرآں وزیراعظم سے ملائیشیا کے وزیر خارجہ داتو سری سیف الدین عبداللہ نے ملاقات کی۔عمران خان نے او آئی سی میں ملائیشیا کے فعال کردار اور افغانستان میں قیام امن اور انسانی امداد کے لئے کوششوں کی تعریف کی۔