اسلام آباد(سپیشل رپورٹر،92 نیوز رپورٹ ) وزیراعظم آزاد کشمیر سردار عبدالقیوم نیازی کے خلاف بھی تحریک عدم اعتماد جمع کرادی گئی ہے ۔ تحریک عدم اسمبلی سیکرٹریٹ میں جمع کرائی گئی جس پر 25 ارکان ،وزراکے دستخط ہیں۔تحریک عدم اعتماد میں آزادکشمیر کے سینئر وزیرسردارتنویر الیاس کو وزارت عظمیٰ کے لئے نامزد کیاگیاہے ۔وزیراعظم آزادکشمیر سردار عبدالقیوم نیازی کے خلاف تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ کیلئے آزاد کشمیرکی قانون ساز اسمبلی کا اجلاس 15 اپریل جمعہ کو طلب کرلیا گیا جس میں وزیراعظم آزاد کشمیر کے خلاف تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ کی جائے گی۔قبل ازیں اسمبلی سیکرٹریٹ دفتر میں تحریک عدم اعتماد عبدالماجد خان ،علی شان سونی سمیت 25 ممبران کے دستخطوں کے ساتھ سیکرٹری قانون ساز اسمبلی کے پاس جمع کرائی گئی ہے ،وزیراعظم سردار عبدالقیوم نیازی کی جگہ تحریک انصاف کے صدر سردار تنویر الیاس وزارت عظمی ٰکے امیدوار ہوں گے ، وزیراعظم کو ہٹانے کے لئے سادہ اکثریت درکار ہوتی ہے ، آزادکشمیر اسمبلی کے ایوان میں وزیراعظم پر عدم اعتماد کے لئے 53اراکین میں سے 27 ووٹ درکار ہوتے ہیں جبکہ تحریک عدم اعتماد پر 3 دن بعد اور 7 روز کے اندر ووٹنگ لازم ہے ۔ ذرائع کے مطابق سردار عبدالقیوم نیازی کیساتھ علی امین گنڈا پور کی کشیدگی بنیادی وجہ بنی، سردار عبدالقیوم نیازی نے امور حکومت میں مداخلت پر اعتراض اٹھایا تھا،علی امین گنڈاپور کی شکایت بارہا عمران خان سے بھی کی گئی تھی، عمران خان کی حمایت سردار عبدالقیوم نیازی کو ہی حاصل رہی ۔