پشاور(خبرنگار) وزیر دفا ع پرویز خٹک کے بھتیجے اور ایم پی اے لیاقت خٹک کے بیٹے احد خٹک نے سینکڑوں ساتھیوں سمیت پیپلز پارٹی میں شمولیت کا اعلان کر دیا ہے ۔ اس حوالے سے احد خٹک نے پیپلز پارٹی کے صوبائی سیکرٹریٹ میں پیپلز پارٹی کے رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس میں باقاعدہ شمولیت کا اعلان کیا، اس موقع پرپیپلز پارٹی کے صوبائی صدر نجم الدین خان،امجد آفریدی،فیصل کریم کنڈی ، نیئر حسین بخاری اور دیگر رہنما و کثیر تعداد میں کارکن بھی موجود تھے ۔ اس موقع پر پیپلز پارٹی کے صوبائی صدر نجم الدین خان اور نیئر حسین بخاری نے کہا کہ احد خٹک کو پارٹی میں خوش آمدید کہتے ہیں، پیپلز پارٹی میں نوجوان قیادت نے شمولیت کی اختیار کی ۔پیپلز پارٹی کے رہنمائوں نے کہا کہ وزرا اگر جیب سے خرچہ کریں تب ہی انہیں مہنگائی کا احساس ہو گا، 19 نومبر کو بلاول بھٹو زرداری آئینگے مانکی شریف میں شمولیتی جلسے سے خطاب کرینگے ۔ پیپلز پارٹی کے قائدین نے کہا کہ تحریک لبیک کے ساتھ ہونے والے معاہدے سے آگاہ کیا جائے ،30 نومبر کو یوم تاسیس بھرپور انداز میں منائیں گے پنجاب اور مرکز میں سیاسی تبدیلی لانے کے لئے تیار ہیں ۔ میڈیا سے گفتگو میں احد خٹک نے کہا کہ پارٹی کی طرف سے ملنے والی دعوت پر پیپلزپارٹی میں شمولیت اختیار کی ، احد خٹک نے کہا کہ پی ٹی آئی کے دھرنے میں والد کے ہمراہ 120 دن موجود تھا ، پی ٹی آئی نے جو وعدے کئے ہیں وہ سب جھوٹے نکلے ،نوشہرہ میں انتقامی سیاست عروج پر ہے ،پرویز خٹک کے ساتھ راضی نامہ خاندان کی سطح پر ہوا ہے سیاسی نہیں، میرا پرویز خٹک سے کوئی لینا دینا نہیں ہے ۔