لاہور،راولپنڈی(نمائندہ خصوصی سے،خصوصی رپورٹر، نامہ نگار خصوصی، اپنے رپورٹر سے ) نگران وزیراعلیٰ پنجاب ڈاکٹر حسن عسکری نے کہا ہے ووٹرز کیلئے پرامن ماحول میں حق رائے دہی کے استعمال کو یقینی بنایا جائے گا،پولنگ ڈے حقیقی معنوں میں انتظامیہ اور پولیس کی پرفارمنس کا ٹیسٹ ہوگا،آزادانہ اور شفاف انتخابات سے انتظامیہ اور پولیس کی عزت بڑھے گی، پولنگ ڈے پر بہترین سکیورٹی انتظامات یقینی بنائے جائیں گے ۔نگران وزیر اعلیٰ کی زیرصدارت کمشنر راولپنڈی ڈویژن کے دفتر میں اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا جس میں انتخابات کے سلسلے میں کئے جانے والے انتظامات اور امن و امان کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں راولپنڈی ڈویژن میں 5ہزار سے زائد پولنگ سٹیشنز پر 12841پولیس اہلکارتعینات کرنے کا فیصلہ کیاگیا، پولنگ سٹیشنز پر سی سی ٹی وی کیمروں سے کلوز مانیٹرنگ کی جائے گی اور ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر الیکشن کمیشن کے ضابطہ اخلاق پر عملدرآمد کیلئے اقدامات کی مانیٹرنگ کریں گے ، پولنگ سٹیشنر کی6کلو میٹر کی حدود میں ایک ایمبولینس تعینات رہیگی،اجلاس میں الیکشن کیلئے آنے والے غیر ملکی مبصرین ،صحافیوں،فوکل پرسنز اورمیڈیا پرسنز کی سکیورٹی کیلئے حکمت عملی کوبھی حتمی شکل اور پولنگ سٹیشنز پر ہیٹ سٹروک سینٹرز قائم کرنے کا فیصلہ بھی کیاگیا۔وزیراعلیٰ نے سیاسی جماعتوں اور امیدواروں کی جائزشکایات کے ازالے کیلئے متعلقہ اداروں کو فوری کارروائی ، امن و امان کی صورتحال مزید بہتر بنانے اور تمام سیاسی جماعتوں پر الیکشن کمیشن کے ضابطہ اخلاق کا اطلاق مساوی طور پرکرنے کی ہدایت کی۔ ڈاکٹر حسن عسکری نے زمبابوے کے خلاف چوتھا ون ڈے میچ جیتنے اور ون ڈے میں پاکستان کی جانب سے پہلی ڈبل سنچری بنانے پرفخر زمان کو مبارکباد دی،انہوں نے کہافخر زمان نے ثابت کیا ہے کہ وہ پاکستان کا فخر ہے ۔