لاہور،اٹک(نمائندہ خصوصی سے ،نیوز رپورٹر، نامہ نگار) ویساکھی میلہ2022 اور خالصہ جنم دن تقریبات میں شرکت کیلئے پاکستان آنے والے 2200 سکھ یاتری خصوصی ٹرینوں سے گوردوارہ پنجہ صاحب حسن ابدال پہنچ گئے ۔ تفصیلات کے مطابق پاکستانی ہائی کمیشن نئی دہلی کی جانب سے مجموعی طور پر 2213سکھ یاتریوں کو 10یوم کیلئے پاکستان یاترا کا ویزہ جاری کیا گیا۔ 2200 بھارتی سکھ یاتری سرداررویندر سنگھ خالصہ کی سربراہی میں واہگہ چیک پوسٹ کے راستے پاکستان پہنچے ۔ ان کا شانداراستقبال ایڈیشنل سیکرٹری شرائنز متروکہ وقف املاک بورڈ رانا شاہد سلیم نے ڈپٹی سیکرٹری شیرائنز محمد عمران گوندل، پاکستان سکھ گوردوارہ پربندھک کمیٹی کے پردھان سردار امیر سنگھ، سابق پردھان سردار ستونت سنگھ کے ہمراہ کیا۔ خصوصی ٹرینوں اور حفاظتی انتظامات کے تحت حسن ابدال پہنچایا گیا۔حسن ابدال روانگی سے قبل واہگہ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شرومنی گورودوارہ پربندھک کمیٹی کے پارٹی لیڈر سردار رویندر سنگھ نے کہا کہ پاکستان آ کر نہ صرف پیار ملتا ہے بلکہ اپنائیت کا احساس ہوتا ہے ۔ دہلی گورودوارہ مینجمنٹ کمیٹی کے سردار سکھبیر سنگھ نے کہا کہ پاکستان اقلیت نواز ملک ہے ۔ ڈی پی او اٹک رانا شعیب محمود کا کہنا تھا کہ ویساکھی میلہ پر 6ڈی ایس پی،13انسپکٹر/ایس ایچ او،133اپر سپارڈینیٹ،42ہیڈ کانسٹیبل،680کانسٹیبل،36لیڈیز کانسٹیبل سکیورٹی پر تعینات کئے گئے ہیں۔ لاہور(قاضی ندیم اقبال ) خالصہ323سال کا ہو گیا۔323 ویں خالصہ جنم دن اور ویساکھی میلہ2022کی تقریبات آج سے شروع ہوں گی ۔گورودوارہ پنجہ صاحب کے اندر متروکہ وقف املاک بورڈ، جبکہ باہر اورگردونواح کے علاقہ میں پنجاب پولیس سمیت دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار و ذمہ دار ڈیوٹی دیں گے ۔ سکھ مت کے دسویں گورو گوبند سنگھ نے 30 مارچ 1699 کو آنند پور صاحب میں خالصہ پنتھ کی بنیاد رکھی۔ ویساکھی کی مرکزی تقریب بھوگھ اکھنڈ پاٹھ صاحب کل14اپریل کو گوردوارہ پنجہ صاحب حسن ابدال میں منعقد ہو گی۔ ایک محتاط اندازے کے مطابق کل 25ہزار سے زائد سکھ یاتری خالصہ جنم دن تقریبات کا حصہ بنیں گے ۔ ایڈیشنل سیکرٹری شیرائنز رانا شاہد سلیم اور ڈپٹی سیکرٹری شیرائنز محمد عمران گوندل نے رات گئے گوردوارہ حسن ابدال پنجہ صاحب کے مختلف مقامات کا دورہ کیا۔