اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی،صباح نیوز)الیکشن کمیشن نے پارٹی عہدے کیخلاف تحریک انصاف کے رہنماؤں کی درخواست پر مریم نواز اور ن لیگ سے جواب طلب کرلیا۔ چیف الیکشن کمشنر جسٹس سردار محمد رضا خان کی سربراہی میں الیکشن کمیشن کے تین رکنی بینچ نے مریم نواز شریف کی بطور نائب صدر مسلم لیگ (ن)تعیناتی کے خلاف تحریک انصاف کی خاتون رکن قومی اسمبلی اور پارلیمانی سیکرٹری برائے قانون و انصاف ملیکہ علی بخاری کی درخواست پر سماعت 25جون تک ملتوی کر دی۔ پیر کوسماعت ہوئی تو مریم نواز کی جانب سے بیرسٹر ظفراﷲ خان اور جہانگیر خان جدون بطور وکیل الیکشن کمیشن میں پیش ہوئے ۔ دونوں وکلا نے استدعا کی کہ مریم نواز کی تعیناتی کے نوٹیفکیشن کی کاپی اور ان کے عہدے کو چیلنج کرنے کی درخوا ست کی کاپی فراہم کی جائے ، درخواست کی کاپی ملے گی تو جوب دیں گے ۔ درخواست گزار کے وکیل نے کہا نوٹیفیکیشن کی کاپی تو (ن)لیگ کے پاس ہونی چاہئے تھی، کیا یہ انکار کر رہے ہیں کہ مریم نواز ان کی پارٹی کی نائب صدر نہیں ۔مریم نواز کی تقرری ن لیگ نے خود کی اور اب کاپی ہم سے مانگ رہے ہیں۔ ن لیگ کے وکیل نے کہا جس نے بھی تقرری چیلنج کی، اس کے پاس اس کا نوٹیفکیشن بھی ہونا چاہئے ۔چیف الیکشن کمشنر نے ہدایت کی مریم نواز کے وکلا کو درخواست کی کاپی اور متعلقہ ریکارڈ فراہم کیا جائے ۔