اسلام آباد (این این آئی) ق لیگ کے وفد نے سابق وفاقی وزیر طارق بشیر چیمہ کی سربراہی میں سابق صدر اور پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زر داری سے ملاقات کی اس موقع پر ق لیگ کے صدر چودھری شجاعت حسین کے صاحبزداے چودھری سالک حسین بھی موجود تھے ۔ ملاقات میں آصف علی زر داری نے تحریک عدم اعتماد کی کامیابی میں ووٹ دینے پر طارق بشیر چیمہ اور چودھری سالک حسین کا شکریہ اداکیا اور ان سے کہاکہ ان کا خیرسگالی کا پیغام چودھری شجاعت حسین تک پہنچا دیا جائے ، چودھری سالک حسین نے کہاکہ میرے والد نے آپ سے جو وعدہ کیا تھا وہ ہم نے ووٹ دیکر پورا کیا ۔ذرائع نے کہا ہے کہ ملاقات میں پنجاب کی وزارت اعلیٰ کے معاملات پر بات چیت ہوئی اور ق لیگ کے رہنماؤں نے زر داری سے درخوارست کی کہ پرویز الٰہی کو وزیر اعلیٰ بنانے کا اپناوعدہ پورا کرائیں جس پر آصف علی زر داری مسکر اپڑے اور کہاکہ میں نے تو اپنا وعدہ پورا کر دیا تھا اور مسلم لیگ (ن) نے میری درخواست پر پرویز الٰہی کو وزیر اعلیٰ بنانے کا فیصلہ کرلیا تھا مگر چودھری پرویز الٰہی نے پھرتی دکھائی اور وعدہ خلافی کی اور بنی گالا چلے گئے ۔ انہوں نے کہاکہ موجودہ حالات میں پرویز الٰہی کو پنجاب کا وزیراعلیٰ بنانا اب مشکل ہے ۔