اسلام آباد(وقائع نگار خصوصی، وقائع نگار، این این آئی)الیکشن کمیشن نے انتخابی عملے کی تفصیل جاری کر دی،16 لاکھ کے قریب انتخابی عملہ خدمات سر انجام دیگا، ملک بھر میں 3لاکھ 71 ہزار فوجی جوان اور 4لاکھ 39ہزار پولیس اہلکار تعینات ہونگے ،ہر پولنگ سٹیشن کے اندر اور باہر 2، 2فوجی جوان تعینات کئے جائیں گے ،پریذائیڈنگ افسران کی تعداد85 ہزار جبکہ اسسٹنٹ پریذائیڈنگ افسران کی تعداد 5لاکھ 10 ہزار سے زائد ہے ۔ آن لائن کے مطابق امیدواروں کی جانب سے انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزیوں کی تفصیلات سامنے آ گئیں، 11ہزار93 امیدوار خلاف ورزی کے مرتکب ہوئے ، متعدد کو نوٹس ، وارننگ اور جرمانے کردیئے گئے ۔این این آئی کے مطابق فیس بک نے الیکشن کمیشن کے اشتراک سے ووٹرز کو ان کے حلقے اور ووٹ کی معلومات کی تصدیق کی مہم شروع کر دی ۔ووٹ کی معلومات کیلئے فیس بک کا نوٹی فکیشن نیوز فیڈ میں سب سے پہلے نظرآرہا ہے ، ووٹ کی معلومات کیلئے دو آپشنز دیئے گئے ہیں،ایک سے الیکشن کمیشن کی ویب سائٹ پر جایا جا سکتا ہے جبکہ دوسرے سے 8300 پر ایس ایم ایس کیا جاسکتا ہے ۔ دریںاثناالیکشن کمیشن نے انتخابی نتائج جاری کرنے سے متعلق پریذائیڈنگ افسران کوہدایات نامہ ارسال کر دیاجس میںکہا گیا ہے کہ تمام پریذائیڈنگ افسران ووٹوں کی گنتی کے بعد فارم 45 تیارکرینگے جس میں امیدواروں کوملنے والے ووٹوں کی تفصیلات درج ہونگی، بچ جانے والے بیلٹ پیپرزکی تفصیلات فارم 46 میں درج کی جائیں گی، ووٹوں کی گنتی مکمل ہونے پرنتائج کی تصدیق شدہ کاپی امیدواروں کوموقع پر جاری کی جائیگی، نتائج کی تیاری کے بعد پریذائیڈنگ افسرانتخابی مواد پیکٹ میں بند کرکے آر او کو بھیجنے کا پابند ہے ۔وقائع نگار خصوصی کے مطابق کامیاب امیدواروں کو 10روزکے اندر انتخابی اخراجات کی تفصیلات دیناہونگی۔ ادھر الیکشن کمیشن نے تمام صوبائی ریجنل اور ضلعی دفاتر میں جنرل الیکشن انفارمیشن سینٹرز قائم کر دیئے اور ان کی تفصیلات ویب سائٹ پر جاری کردیں۔ نجی ٹی وی کے مطابق الیکشن کمیشن پنجاب کے دفتر میں رینجرز نے ڈیوٹی سنبھال لی،پنجاب کے انتہائی حساس اور حساس پولنگ سٹیشنز پر سی سی ٹی وی کیمرے نصب کردیئے گئے ۔ مزید برآںپاک فوج ، یورپی یونین اور امریکی سفارتی وفود نے الیکشن کمیشن کے الگ الگ دورے کئے ،پاک فوج اور الیکشن کمیشن حکام کے درمیان انتخابات کی سکیورٹی ، بیلٹ پیپرزکی ترسیل کے معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ یورپی یونین اور امریکی سفارتخانے کے وفد نے سیکرٹری الیکشن کمیشن سے ملاقات کی ،سیکرٹری الیکشن کمیشن نے غیر ملکی وفود کو عام انتخابات کے حوالے سے بریفنگ دی ۔ ملاقات کے دوران غیر ملکی مبصرین کے حوالے سے ضابطہ اخلاق پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔