لاہور(نمائندہ خصوصی سے )لاہور سمیت پنجاب بھر میں پولنگ سٹاف کی ٹریننگ کا دوسرا مرحلہ بھی بخیر و خوبی پایہ تکمیل کو پہنچ گیا ۔ شفاف ، پر امن انتخابات کے حوالے سے الیکشن کمیشن کی ہدایات کی روشنی میں انتظامات تقریبا ًمکمل کر لئے گئے ہیں۔ امن و امان کیلئے نگران حکومت کا ویژن بڑا کلیئر ہے ۔ دوران پولنگ امیدوار ہو یا انکے حامی، جو بھی قانون کو ہاتھ میں لینے کی کوشش کر یگا یا دفعہ 144کی خلاف ورزی کر یگا اس کیخلاف کارروائی کی جائیگی۔ ان خیالات کا اظہار سیکرٹری بلدیات پنجاب عارف انور بلوچ نے اخبار نویسوں سے گفتگو میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب بھر میں انتخابی ضابطہ اخلاق پر عملدرآمد یقینی بنانے کیلئے دفعہ 144نافذ کی جا چکی ہے ۔جس پر عمل درآمد بھی کرایا جا رہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ پولنگ سٹاف کی ڈیوٹیاں یقینی بنانے کیلئے متعلقہ صوبائی اور ضلعی اداروں کے ساتھ روابط میں ہیں۔اس ضمن میں کوئی کمپرومائز نہیں ہو سکتا۔ وزیر اعلیٰ پنجاب کی جانب سے دی گئی گائیڈ لائنز اور چیف سیکرٹری پنجاب کی رہنمائی میں کام کیا جا رہا ہے ،اﷲ تعالی نے چاہا تو ہم اپنے ٹاسک میں سر خرو ہوں گے ۔