وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے ماحولیاتی آلودگی کے خاتمے کے لئے پلانٹ فار پاکستان وژن پر عملدرآمد کی منظوری دی ہے جس میں صوبہ کو سموگ فری بنانے‘ پلاسٹک بیگز اور آلودگی کے خاتمے کے لئے جنگلی حیات کے تحفظ کا منصوبہ شامل ہے۔ عالمی معیار کے مطابق کسی بھی ملک میں ماحولیاتی تحفظ کے لئے 25 فیصد رقبہ پر جنگلات تجویز کیے جاتے ہیں جبکہ پاکستان میں یہ شرح 5 فیصد سے بھی کم ہے .سیاسی اختلاف اپنی جگہ تحریک انصاف نے اپنے دور میں بلین ٹری منصوبہ شروع کیا تھا جس کے تحت ملک بھر میں درخت لگائے گئے. جہاں تک ماحولیاتی آلودہ کے خاتمے کا تعلق ہے تو اس سے مفر نہیں کہ درخت لگانے سے فضائی آلودگی کم تو ہو سکتی ہے ختم نہیں. اس کے لئے ماحولیاتی تحفظ کی جامع منصوبہ بندی کی ضرورت ہے جس میں متعدد اقدامات کے ساتھ پلاسٹک بیگز کے استعمال پر پابندی بھی شامل ہy۔ لاہور ہائی کورٹ نے صوبے میں پلاسٹک بیگز کے استعمال پر پابندی لگا رکھی ہے مگر اس کے باوجود صوبے بھر میں چند بڑے مالزکو چھوڑ کر پلاسٹک بیگ استعمال ہو رہے ہیں اور کوئی روکنے والا نہیں۔ اب وزیر اعلیٰ پنجاب نے جامع منصوبہ پر عملدرآمد کی منظوری دی ہے جو خوش آئند ہے۔ بہتر ہو گا وزیر اعلیٰ پنجاب درخت لگانے کے ساتھ صوبے میں پلاسٹک بیگز کی تیاری اور درآمد پر پابندی لگائیں تاکہ کثیر الجہت اقدامات سے ماحولیاتی تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے۔