لاہور، فیصل آباد(میاں رؤف،گلزیب ملک) پولیس فورس کی کارکردگی کو حقیقی معنوں میں فعال بنانے کی غرض سے مانیٹرنگ ایپ متعارف کروانے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ اہم ترین فیصلے کے بعد گشت ڈیوٹی کے نام پر دفتری اوقاف میں غائب ہو جانے والے ، ایف آئی آرکا اندراج بروقت ہونے یا نہ ہونے ، مقدمات کو التوا کا شکار بنانے والے ملازمین اور افسروں کی نیندیں اڑ گئیں،اب ایک کلک پر مانیٹرہونگے ۔ ذرائع نے بتایاکہ لاہور سمیت پنجاب بھر میں بڑی تعداد میں جہاں مقدمات التوا کا شکار ہونے کی شکایات سامنے آرہی ہیں تو وہیں پر انویسٹی گیشن ونگ اور آپریشن ونگ کی کارکردگی بارے بھی قیاس آرائیاں تسلسل سے جاری ہیں۔ جن کا خاتمہ کرنے کے لئے پنجاب پولیس کے سربراہ شعیب دستگیر نے مانیٹرنگ ایپ متعارف کروانے کا فیصلہ کیا ہے ۔ جس کے بعد پنجاب بھرمیں ایف آئی ارکا اندراج بروقت ہونے یا نہ ہونے ،کیسزکی تفتیش،پٹرولنگ،امن وعامہ کے معاملات اب ایک کلک پر مانیٹرہونگے ۔ ڈی پی اوزاور آر پی اوز سمیت تھانوں کے انچاج ایک کلک پر ہوں گے ۔تمام امور کی نگرانی خود آئی جی پنجاب کریں گے ۔ڈی ایس پی سطح پر معاملہ حل نہ ہونے کی صورت میں ڈی پی او کو معاملہ ریفر کر دیا جائے گا۔تاکہ شہریوں کی شکایات کا خاتمہ ممکن ہونے کے علاوہ امن و امان کے معاملات بھی بہتر ہو سکیں۔ذرائع نے بتایا کہ پی آئی ٹی بی کے تعاون سے مانیٹرنگ ایپ اسی ماہ کے دوران متعارف کروائی جا رہی ہے ۔