اسلام آباد،لاہور(نامہ نگار خصوصی،آئی این پی) سپریم کورٹ آف پاکستان نے انتخابی عذرداری کیس میں پیپلز پارٹی کے ہمایوں خان کی نااہل کو برقرار کھا ہے ۔جسٹس اعجاز الاحسن نے کہا کہ ہمایوں خان واجبات کی ادائیگی کے بعد اہل ہو سکتے ہیں۔ ہمایوں خان این اے 151خانیوال سے پیپلزپارٹی کے امیداوار ہیں۔ انہیں ہائی کورٹ نے نادہندہ ہونے پر نااہل قرار دیاتھا۔ ہمایوں خان کے ذمے 13 لاکھ روپے کے واجبات تھے ۔دوسری جانب انتخابی مہم میں چیف جسٹس اور آرمی چیف کی تصاویر لگانے پر پی پی 53 گوجرانوالہ سے پی ٹی آئی کے امیدوار ناصر چیمہ نے الیکشن کمیشن کی جانب سے نااہل کرنے کا اقدام لاہورہائیکورٹ میں چیلنج کردیا۔ عدالت نے ناصر چیمہ کی نااہلی بارے الیکشن کمشن کو تفصیلی فیصلہ کل پیش کرنے کا حکم دے دیا۔ جسٹس امین الدین خان اور جسٹس ساجد محمود سیٹھی پر مشتمل دو رکنی بینچ نے درخواست پر سماعت کی۔ درخواستگزار کی جانب سے ایڈووکیٹ خالد اسحاق نے عدالت پیش ہوکر موقف اختیار کیا کہ الیکشن کمیشن نے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر محمد ناصر چیمہ کو نااہل قرار دیا، 18 اپریل 2018 کی تصاویر کو بنیاد بنا کر نااہل کیا گیا، ضابطہ اخلاق کا اجرا چودہ جون کو ہوا، الیکشن شیڈول کا اجرا اکتیس مئی کو ہوا، شکایت کنندہ نے میرے خلاف کوئی درخواست دی، نہ کبھی الیکشن کمیشن کے روبرو پیش ہوا، درخواستگزار کا تعلق حلقے سے نہیں بلکہ کراچی سے ہے ، الیکشن کمیشن نے نااہل قرار دینے بارے کسی قانون کا ذکر نہیں کیا، عدالت الیکشن کمیشن کی جانب سے ااہل کرنے کا حکم دے ۔ عدالت میں الیکشن کمیشن کے لیگل ایڈوائزر عمران عارف رانجھا پیش ہوئے ۔