لاہور(وقائع نگار،92نیوزرپورٹ)وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے چائنہ پاکستان اکنامک کوریڈور اتھارٹی کے چیئرمین لیفٹیننٹ جنرل (ر) عاصم سلیم باجوہ نے ملاقات کی۔ ملاقات میں پنجاب میں سی پیک کے تحت جاری منصوبوں پر ہونے والی پیش رفت پر تبادلہ خیال ہوااورلاہور میں چائنہ سنٹر / سی پیک ٹاور بنانے کی تجویز پر اتفاق کیا گیا جبکہ سیڈ ڈویلپمنٹ اور زرعی شعبہ سے متعلقہ ریسرچ کو فروغ دینے کیلئے مربوط اقدامات اٹھانے کا فیصلہ کیا گیا۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ سیڈ ڈویلپمنٹ اور دیگر زرعی تحقیقاتی مقاصد کیلئے 13 ہزار ایکڑ اراضی استعمال کی جائے گی۔چائنہ سنٹر / سی پیک ٹاور میں صنعتکاروں اور سرمایہ کاروں کیلئے انفارمیشن ڈیسک بنائے جائیں گے ۔پاکستانی تاجروں اور صنعتکاروں کو چینی انڈسٹریز سے متعلق معلومات ایک ہی چھت تلے میسر ہوں گی۔چین کے سرمایہ کاروں کو پنجاب میں انڈسٹری لگانے میں ہر ممکن معاونت کریں گے ۔پنجاب میں بیرونی سرمایہ کاروں کو تحفظ، سہولتیں اور رعایتیں فراہم کی جائیں گی۔سی پیک سے پاک چین تعلقات کو نئی جہت ملی ہے ۔چائنہ پاکستان اکنامک کوریڈور اتھارٹی کے چیئرمین لیفٹیننٹ جنرل (ر) عاصم سلیم باجوہ نے کہا کہ سی پیک منصوبہ پاکستانی معیشت کے استحکام کے لئے خصوصی اہمیت رکھتا ہے ۔ سی پیک منصوبوں پر کام کی رفتار کو مزید تیز کیا گیاہے ۔دریں اثنا وزیراعلیٰ نے لاہور میں دہشت گردی کا حملہ ناکام بنانے پر سی ٹی ڈی کی کارکردگی کو سراہا اورافسروں اور اہلکاروں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے انہیں مبارکباد دی۔علاوہ ازیں وزیراعلیٰ نے عوام سے پھر اپیل کرتے ہوئے کہا کہ وہ باہر نکلتے وقت ماسک ضرور پہنیں ۔ ماسک پہننے سے شہری کورونا سے محفوظ رہیں گے ۔