اسلام آباد ،پشاور، کابل، چمن (سپیشل رپورٹر ، خبرنویس ، مانیٹرنگ ڈیسک ، نیوزایجنسیاں ) کابل کے ملٹری ہسپتال پر حملے میں طالبان کی بدری 313 فورس کے سربراہ سمیت 25 افراد جاں بحق جبکہ 50 زخمی ہوگئے ۔غیر ملکی خبرایجنسی کے مطابق کابل میں واقع ملک کے سب سے بڑے فوجی ہسپتال سردار محمد خان داؤد ملٹری ہسپتال کے مرکزی دروازے پر یکے بعد دیگرے 2 دھماکے ہوئے ، جس کے بعد شدید فائرنگ کا سلسلہ شروع ہو گیا۔طالبان حکومت کے نائب ترجمان بلال کریمی نے دھماکوں میں 20 سے زائد افراد کی ہلاکت جبکہ 43کے زخمی ہونے کی تصدیق کی ہے ۔ سرکاری حکام نے تصدیق کی کہ حملے میں بدری 313 فورس کے سربراہ مولوی حمداللہ رحمانی بھی جاں بحق ہوگئے ۔ عینی شاہدین کا کہنا تھا دھماکے کار میں موجودبارودی مواد کے ذریعے کئے گئے جس کے بعد داعش جنگجو ہسپتال میں داخل ہوئے ، جہاں انکی طالبان سکیورٹی اہلکاروں سے جھڑپ بھی ہوئی۔ فوجی ہسپتال میں کام کرنے والی نرس کے مطابق حملہ آور سامنے آنے والے ہر شخص کو گولی مار رہے تھے ۔ حملے کے بعد سکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ۔ پاکستان نے کابل میں دہشتگرد حملے کی شدید مذمت کی ہے ۔دفترخارجہ کے ترجمان کے مطابق متاثرہ خاندانوں سے دلی ہمدردی ہے جبکہ زخمیوں کی جلد صحتیابی کیلئے دعاگو ہیں۔ ترجمان دفتر خارجہ نے کہا پاکستان ہر قسم کی دہشتگردی کی پرزور مذمت کا اعادہ کرتا ہے ۔ امریکی اخبار وال سٹریٹ جرنل کے مطابق امریکی تربیت یافتہ سابق افغان فوجی خود کو طالبان سے محفوظ رکھنے کیلئے داعش میں شامل ہونے لگے ۔سابق فوجی داعش کو انٹیلی جنس اور ملٹری آپریشن سے متعلق اہم مہارتیں فراہم کر رہے ہیں۔ رپورٹ میں بتایا گیا کاراباخ کے رہائشی کا کہنا تھا اس کا کزن جو افغان سپیشل فورسز کا اہم رکن تھا اور ستمبر میں لاپتہ ہو گیا تھا اب داعش کا حصہ بن چکا ، اس نے مزید بتایا 4 ایسے افراد جو افغان نیشنل فورسز کا حصہ تھے ،اب داعش میں شامل ہو چکے ۔ این ڈی ایس کے سابق سربراہ نے کہا ایسے سابق افغان فوجی جو ملک سے باہر نہیں جا سکتے ، داعش میں شمولیت ان کیلئے پرکشش انتخاب ہے ۔ادھر پاکستان اور افغانستان کے درمیان چمن بارڈر پر باب دوستی کو پیدل آمدورفت اور تجارتی سرگرمیوں کیلئے کھول دیا گیا ۔باب دوستی گڈز ٹرانسپورٹ کیلئے 24 گھنٹے کھلا رہے گا جبکہ پیدل آمدورفت صبح 8 سے شام 5 بجے تک ہوگی۔ افغانستان میں پاکستانی سفیر منصور احمد خان نے ٹوئٹر پر بیان میں کہا وزیراعظم کی ہدایت پر افغان شہریوں کو ویزا کیلئے نادرا فیس31 دسمبر تک معاف کردی گئی۔دریں اثناء طالبان حکومت نے ترکمانستان کو تاپی گیس پائپ لائن منصوبے کی تکمیل اور سکیورٹی یقینی بنانے کا یقین دلایا ہے ۔ترکمانستان کی وزارت خارجہ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق ترکمان حکومت کے وفد نے افغانستان کا دورہ کیا تھا۔ افغان حکومت نے باہمی پراجیکٹس پر کام دوبارہ شروع کرنے پر رضامندی ظاہر کی۔