کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک، سٹاف رپورٹر) ایم کیوایم کے ناراض رہنما کامران ٹیسوری نے الیکشن سے دستبردار ہونے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایم کیو ایم پاکستان کو 8 کے ٹولے نے یرغمال بنالیا ہے ، اب ایم کیو ایم بہادر آباد والوں کو کھلا میدان دے رہا ہوں،خالد مقبول صدیقی کے پاس تمام اختیارات تھے اب مینڈیٹ لیکر دکھائیں۔ پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کراچی کے کسی حلقے سے الیکشن نہیں لڑوں گا، الیکشن کے نتائج کی ذمہ داری بھی بہادر آباد پر جاتی ہے ، نتائج گزشتہ مینڈیٹ سے کم ہوئے تو کارکنان کے ہاتھ اور 8 کے ٹولے کا گریبان ہو گا۔بہادرآباد والوں نے امیدواروں کا انتخاب کیا، فاروق ستار کو ان سے دور رکھا گیا۔الیکشن کی وجہ سے خاموش رہا، 27 جولائی کو بتاؤں گا کہ کس نے الیکشن کو بیچا ہے ۔25 جولائی کے بعد اگر فاروق ستار کی واپسی ہوئی تومیں ان کیساتھ کھڑا ہونگا۔ دوسری جانب ایم کیو ایم ورکرز ایکشن کمیٹی نے دستبرادی کے فیصلے کو ماننے سے انکار کرتے ہوئے کامران ٹیسوری سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے فیصلے کو واپس لیں اور قبضہ شدہ پتنگ کو آزاد کرانے میں کارکنوں کا ساتھ دیں۔