اسلام آباد (خصوصی نیوز رپورٹر) معاون خصوصی اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ مودی کے سیاہ اور یکطرفہ اقدام کو دنیا مسترد کر چکی ہے ، سلامتی کونسل میں کشمیریوں کی آواز کی گونج بھارت کی شکست ہے ،بلاول کی جمہوریت قوم کا مال اڑائو اور باہر پہنچاؤ ہے ۔اتوار کوایک ٹویٹ میں ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ پیپلز پارٹی میں سے اب عوام مائنس ہوچکے ہیں۔ موروثی سیاست کے وارثوں کو کرپشن سے بنائے گئے ورثے ، اسکے تحفظ کی فکر ہے ، آپ نے آج بھی کشمیر کازپر سیاست کی، عظیم کشمیریوں کی جدوجہد کا آپ کی ابو بچاؤ مہم سے کیا موازنہ؟ فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ عمران خان پاکستان کا روشن چہرہ ہیں،ان پر نہ تو کوئی کرپشن کا داغ ہے اور نہ ہی انہیں آپ کے خاندان کی طرح قوم کا مال ہڑپ کر کے دولت جمع کرنے کا لالچ ہے ۔بلاول صاحب! آپ کی جمہوریت قوم کا مال اڑا اور باہر پہنچا ؤہے ۔سندھ میں آپکے 11سالہ کرپٹ راج نے غریب عوام کے حقوق چھین لیے ہیں۔کراچی آج کچرا کنڈی بن چکا ہے ،جبکہ آپ کی حکومت کی کارکردگی کی قیمت سندھ کے معصوم بچے اپنی جانیں دے کر ادا کر رہے ہیں۔ایک اور ٹویٹ میں ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ کرتارپور سکھ برادری کیلئے مقدس مقام ہے ، سکھ برادری کے مذہبی جذبات کا ہمیں تہہ دل سے احترام ہے ، عمران خان پاکستان اور دنیا بھر میں اقلیتوں کے حقوق کیلئے پر عزم ہیں۔ پاکستان دنیا بھر اور بھارت سے آنیوالے سکھ یاتریوں کیلئے کرتار پور راہداری منصوبے کی تکمیل کیلئے پرعزم ہے تاکہ وہ اپنی مذہبی رسومات پوری آزادی اور سہولت سے ادا کر سکیں۔ کرتارپور راہداری بین المذاہب ہم آہنگی کی دنیا میں بہترین مثال ہے ، انتہا پسندی اور عدم برداشت کے بڑھتے رجحانات اور واقعات میں کرتار پور دنیا کو انسانیت اور اختلاف رائے کے احترام اور برداشت کا پیغام دے رہا ہے ۔