مکرمی ! آج جدید دور کی ترقی یافتہ دنیا کو موزی وائرس کرونا نے بے بس کرکے رکھ دیا ہے روزانہ کی بنیاد پر دنیا بھر کے سینکڑوں ممالک میں ہزاروں لوگ کرونا سے ہلاک ہورہے ہیں اوردنیا بے بسی کی تصویر بنی بیٹھی ہے۔ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کی طرف سے دنیا کو اس موذی مرض سے بچنے کے لیے احتیاطی تدابیر اپنانے اور گھروں میں رہنے پر زور دیا جارہا ہے ۔ پاکستان میں سندھ کے بعد ملک کے سب سے بڑے صوبہ پنجاب میں بھی دو ہفتوں کے لیے لاک ڈائون کا اعلان کردیا گیاہے۔ آزمائش کی اس گھڑی میں عوام کو بڑے حوصلے اور عزم کا مظاہرہ کرنے کی ضرورت ہے اس کیساتھ ہی حکومت، تمام سیاسی جماعتوں اور ملک کے دیگر رفاعی اداروں اور مخیر لوگوں کو چاہیے کہ وہ مصیبت کی اس گھڑی میں آگے آئیں غریب، بے سہارا لوگوں کی مدد کریں تاکہ اللہ تعالیٰ ہم سب کو کرونا وائرس سے محفوظ رکھے یہ ہمارا قومی اور مذہبی فریضہ ہے کوشش کریں کہ لاک ڈائون کیوجہ سے کوئی غریب، بیروزگار بھوک کا شکار نہ بن جائے۔ (چودھری عبدالقیوم)