عالمی ادارہ صحت کے سربراہ ٹیڈروس ایڈہانوم گیبریس نے کہا ہے کہ گزشتہ سال دسمبر میں کورونا سے 10ہزار اموات ہوئی ہیں جبکہ دنیا کے 50ممالک میں ہسپتالوں میں لائے جانیوالے افراد کی تعداد میں 42فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ صورتحال یہ ہے کہ دنیا بھر میں کورونا وائرس سے ایک کروڑ 26لاکھ سے زائدہ لوگ متاثر اور پانچ لاکھ 64ہزار سے زائد ہلاک ہو گئے۔ سب سے زیادہ ترقی یافتہ ملک امریکہ میں سب سے زیادہ ایک لاکھ 35ہزار سے زائد ا موات ہوئیں اور پاکستان میں کورونا سے 5265ہلاکتیں ہوئیں۔ عالمی ادارہ صحت کا کہنا ہے کہ ہو سکتا ہے کہ وبا کا بدترین مرحلہ ابھی آنا باقی ہو ۔ اگر حکومتوں نے درست پالیسیاں نہ اپنائیں تو کئی گنا مزید لوگ اس مرض کا شکار ہو سکتے ہیں۔ عالمی ادارہ صحت کی جانب سے گذشتہ ہفتے کورونا وائرس کی ایک پراسرار نئی قسم jn-1 کے پھیلائو کے حوالے سے وارننگ جاری کی گئی تھی تاہم پاکستان میں اس نئی قسم کے لئے ٹیسٹنگ کی سہولت میسر نہیں ۔صوبائی محکمہ صحت کے حکام کا کہنا ہے کہ اس حوالے سے کوئی ایک کیس بھی رپورٹ نہیں ہوا تاہم اس کی ٹیسٹنگ کے احکامات جاری کئے گئے ہیں۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ کورونا سے بچنے کے لئے احتیاطی تدابیر پر عمل پیرا رہا جائے خصوصاً موسم سرما میں بچائو کی تدابیر پر سختی سے عمل کیا جائے۔ حکومت کو چاہئے کورونا کے حوالے سے ٹیسٹ کی سہولتوں کا انتظام کرے اور اس سلسلہ میں آگاہی مہم شروع کی جائے۔