اسلام آباد، لاہور ،ملتان، کراچی، کوئٹہ ، واشنگٹن (خبر نگار خصوصی،لیڈی رپورٹر ،جنرل رپورٹر ،اپنے رپورٹر سے ،سٹاف رپورٹر، مانیٹرنگ ڈیسک ،نیوز ایجنسیاں ) ملک بھر میں کورونا سے اموات 5ہزار سے بڑھ گئیں۔نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران مزید 75 مریض جاں بحق ہوگئے جبکہ2751 نئے کیس رپورٹ ہوئے ، مجموعی اموات 5058،متاثرین 243599 ہوگئے ، 149092 مریض صحتیاب ہو چکے ،فعال کیس 89449 ہیں۔ سندھ میں متاثرین کی تعدادایک لاکھ سے تجاوز کرگئی ۔ گزشتہ 24 گھنٹوں میں 23255 ٹیسٹ کیے گئے ۔ابتک15 لاکھ چودہ ہزار سے زائد ٹیسٹ کئے جاچکے ۔ ترجمان پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر کے مطابق پنجاب میں674 کیس سامنے آئے ، مجموعی تعداد85261 ہو گئی۔گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران مزید 17 اموات ہوئیں ، صوبے میں کل اموات1972 ہو چکیں ۔ مسلم لیگ ن کی ایم پی اے ثانیہ عاشق کورونا کا شکار ہوگئیں۔ مالاکنڈ سے رکن قومی اسمبلی جنید اکبر کا کورونا ٹیسٹ بھی مثبت آگیا ۔وزیر اعلیٰ سندھ نے بتایا کورونا سے صوبے میں مزید 36 مریض انتقال کرگئے اور 1468 نئے کیس رپورٹ ہوئے ہیں ۔سنٹرل جیل کراچی میں کورونا کا شکار قیدیوں کی تعداد 1100 تک پہنچ گئی جس میں سے 780 صحتیاب ہوگئے جبکہ 300 سے زائد ابتک وائرس میں مبتلا ہیں۔ بلوچستان میں مزید 29کیس رپورٹ ہونے کے بعد متاثرین کی تعداد 11128 جبکہ اموات 126ہوگئیں۔ضلعی انتظامیہ لاہور نے ایس او پیز کی خلاف ورزی پر 37 دکانوں کو سیل ، 136 گاڑیوں کو بنداور 54 ہزار روپے جرمانہ کیا۔ادھر دنیا بھر میں کورونا متاثرین کی تعداد12531143 جبکہ ہلاکتیں 559895 ہو گئیں۔اعداد و شمار کے مطابق دنیا بھر میں مرض شدت پکڑ رہا ہے اور 9 جولائی کو دنیا میں دو لاکھ 27 ہزار کیس دیکھنے میں آئے جو ابتک کا ریکارڈ ہے ۔ امریکہ اور بھارت میں کورونا مریضوں کی تعداد میں ریکارڈ اضافہ ہوا ۔ امریکہ میں ایک دن میں 65 ہزار جبکہ بھارت میں26 ہزار سے زائد مریض رپورٹ ہوئے ۔ بھارتی ریاست یوپی میں دوبارہ 3 روز کا لاک ڈائون کر دیا گیا ۔پاکستان میں متاثرین کی تعداد اٹلی سے بڑھ گئی۔بولیویا کی قائم مقام خاتون صدر جینائین اینیز شاویز اور7 وزرا کورونا کا شکارہوگئے ۔برطانیہ نے 60 ممالک کیلئے قرنطینہ قوانین میں نرمی کر دی لیکن پاکستان پر پابندی برقرار رکھی گئی ہے ۔جنوبی افریقہ کے صوبے گوئتینگ میں ہلاکتوں کے خدشہ کے پیش نظر 5 لاکھ قبریں کھود دی گئیں۔ ہانگ کانگ میں کورونا کیسز پھر سے بڑھنے لگے ، پیر سے تمام سکول بند کرنے کا حکم دیدیا گیا۔ چین کے مختلف شہروں میں سکولوں میں داخلے کے امتحانات ایک ماہ کی تاخیر کے بعد شروع ہوگئے ۔عالمی ادارہ صحت نے اعتراف کیا کوروناوائرس انڈور پر ہجوم جگہوں میں ہوا میں رہ سکتا ہے ، جوایک شخص سے دوسرے شخص تک پھیل سکتا ہے ۔عالمی ادارہ صحت سے وابستہ دو ماہرین آئندہ دو دن چین میں گزاریں گے اور کورونا پھیلنے کی تفتیش کریں گے ۔ عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کے سربراہ ٹیڈروس نے کہا ہے دنیا کورونا کے ہاتھوں یرغمال ہے ، تقسیم ہو کر دنیا اس بیماری کو شکست نہیں دے سکتی۔