اسلا م آباد ،لاہور،کراچی،پشاور(رپورٹنگ ٹیم، نیوزایجنسیاں،مانیٹرنگ ڈیسک) کورونا کی مہلک وبانے پاکستان میں مزید10افرادکی جان لے لی اور اموات کی مجموعی تعداد28466ہو گئی۔نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کے مطابق گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران ملک میں کورونا مثبت کیسز کی شرح 1.16فیصد رہی،457نئے مریض رپورٹ ہوئے اور فعال کیس 22564ہو گئے ،1234مریضوں کی حالت تشویشناک ہے جبکہ مزید428 مریض مکمل صحتیاب ہو گئے ۔گزشتہ24گھنٹوں میں 970365خوراکیں لگائی گئیں ۔وزارت قومی صحت نے بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 39296کورونا ٹیسٹ کئے گئے ۔اسلام آباد میں کوروناکے فعال کیسز کی تعداد277ہو گئی ۔ محکمہ پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کیئر پنجاب کے مطابق صوبہ میں کورونا کے 119نئے کیس سامنے آگئے اور ایکٹو کیس 7657ہو گئے جبکہ 6مریضوں کی جان چلی گئی اوراموات کی کل تعداد12924ہو گئی۔ لاہور میں56، راولپنڈی20،ملتان20، قصور 4، سرگودھا 4اور فیصل آباد میں3کیس رپورٹ ہوئے ۔ دنیا بھرمیں ہلاکتیں50لاکھ25ہزار سے زائد ہو گئیں۔ایران کے وزیر خارجہ حسین امیرعبداللہیان بھی کورونا میں مبتلا ہوگئے ۔ ترجمان ایرانی وزارت خارجہ سعید خطیب زادہ کے مطابق ایرانی وزیرخارجہ کی صحت اچھی ہے اور وہ قرنطینہ میں اپنی سرگرمیاں انجام دے رہے ہیں۔