اسلا م آباد ،لاہور،حضرو ،کراچی(رپورٹنگ ٹیم، نیوزایجنسیاں،مانیٹرنگ ڈیسک) کورونا کی مہلک وبانے پاکستان میں مزید2افرادکی جان لے لی ۔نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کے مطابق گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران ملک میں کورونا مثبت کیسز کی شرح 3.33فیصد رہی،1467نئے مریض رپورٹ ہوئے ۔علاوہ ازیں وزیر اعظم کے معاون خصوصی ملک امین اسلم، منظور وسان، ڈی آئی جی آپریشنز لاہور ڈاکٹر عابد خان بھی کورونا میں مبتلا ہوگئے ۔محکمہ پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کیئر کے مطابق پنجاب میں کورونا مریضوں میں تیزی سے اضافہ جاری ہے اور388نئے کیس سامنے آگئے اور ملتان میں ایک مریض کی جان چلی گئی۔ پنجاب میں اومیکرون کیسز میں تیزی سے اضافہ جاری ہے ،صوبہ میں 25نئے اومیکرون کیس رپورٹ ہوئے اور کل تعداد342ہو گئی۔لاہور سے 21نئے اومیکرون مریض رپورٹ ہوئے ۔ ادھرکراچی میں کورونا مریضوں میں تیزی سے اضافہ جاری ہے اور مثبت کیسز کی شرح بڑھ کر 20فیصد تک جاپہنچی ۔وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے بیان میں کہا کہ کورونا اوراومیکرون کیسز میں دن بدن اضافہ ہورہا ،صوبہ میں نئے 1347مریضوں میں سے 1200 کا تعلق کراچی سے ہے ۔کراچی میں اومیکرون کے پیش نظر وزیرصحت سندھ عذرا پیچوہوکی زیرصدارت کورونا ٹاسک فورس کے اجلاس میں غیرویکسین شدہ افراد کی موجودگی پر شاپنگ مالز اور سکولزسیل کرنیکا فیصلہ کرتے ہوئے تمام شہریوں کیلئے ماسک پہننا لازمی قرار دیدیا گیا۔سڑکوں پر پولیس اہلکاروں کیلئے بھی ماسک لازمی قرار دینے کیلئے آئی جی سندھ کو خط لکھا ، ویکسی نیشن کیلئے مساجد کا بھی سہارا لیا جائے ۔ جو انڈسٹری مالکان ورکرز کو ویکسین نہیں لگوا رہے ان کیخلاف کارروائی کی جائے ۔دنیا بھرمیں ہلاکتیں55لاکھ18ہزارسے زائد ہو گئیں ۔ مصر کی پہلی خاتون جج تہانی ال جبالی بھی 71 سال کی عمر میں کورونا کے باعث انتقال کر گئیں،وہ سپریم آئینی عدالت کی سابق نائب صدر بھی تھیں۔بھارت میں اومیکرون نے تباہی مچادی،دہلی میں19166نئے کیس سامنے آنے پر انتظامیہ نے تمام نجی دفاتر کو تاحکم ثانی بند کرنیکا حکم جاری کردیا ۔معروف بھارتی گلوکارہ لتا منگیشکر کوبھی کورونا ہو گیا،ان کوممبئی کے ایک ہسپتال کے انتہائی نگہداشت یونٹ میں احتیاطی طور پر رکھا گیا ہے ،تاہم انکی طبیعت بہتر ہے ۔ میکسیکو کے صدر ایندرس مانوئیل لوپیز دوسری مرتبہ کورونا میں مبتلا ہوگئے ۔کورونا کیسز پر قابو پانے کیلئے چین کے ایک اور شہر این یانگ میں لاک ڈائون لگا کر لوگوں کو گھروں سے نہ نکلنے کی ہدایت کی گئی ۔ ہانگ کانگ میں اومیکرون کا پھیلائو روکنے کیلئے پرائمری سکول فروری تک بند کردیئے گئے ۔عالمی ادارہ صحت نے انتباہ کیا کہ یورپ کی 50 فیصد سے زائد آبادی کے اگلے 6سے 8 ہفتے میں اومیکرون سے متاثر ہونے کا امکان ہے ۔