اسلام آباد (92 نیوزرپورٹ) نئی حکومت کی کابینہ میں مسلم لیگ (ن) کے 12 اور پیپلز پارٹی کے 7 وزراء ہوں گے ، جے یو آئی (ف) کو 4، ایم کیو ایم کو 2 اور بی این پی مینگل، اے این پی، جمہوری وطن پارٹی اور بلوچستان عوامی پارٹی کو بھی ایک ایک وزارت دی جائے گی۔ذرائع کے مطابق محسن داوڑ، اسلم بھوتانی اور طارق بشیر چیمہ کو بھی وفاقی کابینہ میں شامل کئے جانے کا امکان ہے ۔ذرائع کے مطابق سپیکر قومی اسمبلی کے عہدے کے لئے خورشید شاہ اور نوید قمر کے نام پر غور کیا جارہا جبکہ ڈپٹی سپیکر بلوچستان نیشنل پارٹی یا بلوچستان عوامی پارٹی سے لیا جائے گا۔سینیٹ میں قائد ایوان کے لئے سینیٹر اعظم نذیر کے نام پر مشاورت کی جا رہی ہے ۔جمیعت علمائے اسلام نے نئی حکومت میں بلوچستان یا خیبر پختونخوا میں سے ایک صوبے کے گورنر کا عہدہ مانگ لیا۔ پنجاب کا گورنر پیپلز پارٹی اور سندھ کا گورنر ایم کیو ایم سے لئے جانے کا امکان ہے ۔