کراچی (سٹاف رپورٹر)سندھ حکومت کے وزراء ناصرحسین شاہ،سعید غنی اور امتیاز شیخ نے کہا ہے کہ اگر وفاقی اور دیگر صوبوں کے بجٹ سے موازنہ کیا جائے تو سب سے بہتر اور عوام دوست بجٹ سندھ صوبے کا ہے ،کراچی کے لئے صوبائی بجٹ2020-21 میں 45 ارب روپے کی رقم مختص کی گئی ہے ،ایم کیو ایم کراچی اور حیدرآباد کے نام پر سیاست کے بجائے وفاقی حکومت سے سوال کرے کہ کراچی اور سندھ کے دیگر شہروں کے نام پر اعلان کردہ اربوں کے پیکیج کہاں ہیں،صرف میڈیا پبلسٹی اور سیاست کے لئے ایم کیو ایم دھرنے دے رہی ہے ،متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے لوگ اپنے لوگوں کو منہ دکھانے کے لائق نہیں ہیں۔ پاکستان اسٹیل ملز کے 9300 ملازمین کی برطرفی میں بھی ایم کیو ایم برابر کی ذمہ دار ہے ۔کے الیکٹرک، حیسکو اور سیپکو کی انتظامیہ سے لوڈشیڈنگ میں اضافے پر بات ہوئی ہے ،موجودہ بحران وفاقی حکومت کی نااہلی کا نتیجہ ہے ۔اتوار کو سندھ اسمبلی آڈیٹوریم میں مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیراطلاعات وبلدیات ناصر شاہ نے کہا کہ سندھ حکومت نے جو بجٹ پیش کیا ہے ، ہم اس کو آئیڈیل بجٹ تو نہیں کہتے لیکن یہ بجٹ وفاقی حکومت اور دیگر تمام صوبوں سے بہتر ہے ، کچھ لوگوں نے سندھ اسمبلی کے باہر احتجاج کیا جوسمجھ سے بالاتر تھا، ایم کیو ایم پاکستان کو وفاقی حکومت کے خلاف احتجاج کرنا چاہئے ،ایم کیو ایم کو وفاقی حکومت سے پوچھنا چاہئے کہ کراچی کے لئے اعلان کردہ 162 ارب روپے کے پیکیج کا کیا ہوا؟