لاہور،اسلام آباد،راولپنڈی،کراچی،پشاور (جنرل رپورٹر،نمائندہ 92 نیوز، رپورٹر 92 نیوز، خبرنگار،صباح نیوز)ملک کے کئی شہروں میں ڈینگی مچھرکے وار جاری ہیں ۔پنجاب میں ڈینگی کے باعث مزید3شہری جاں بحق ہوگئے ،صوبہ بھر میں ڈینگی کے مزید494مصدقہ مریض رپورٹ ہوئے جن میں سے 370لاہور سے سامنے آئے ۔سیکرٹری محکمہ پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کیئر پنجاب عمران سکندر بلوچ کے مطابق گزشتہ روز ڈینگی کے راولپنڈی سے 42،گوجرانوالہ سے 18،فیصل آبادسے 13،ملتان سے 6 ،سرگودھا ،شیخوپورہ ،ساہیوال، اٹک اور قصور سے 4چار جبکہ بہاولنگر اور نارووال سے 3تین مریض رپورٹ ہوئے ۔صوبہ میں ابتک ڈینگی بخار کے باعث51اموات ہو چکی ہیں۔ رواں سال پنجاب بھر سے ابتک ڈینگی کے 15247جبکہ لاہور سے 11347کنفرم کیس سامنے آچکے ۔صوبہ کے ہسپتالوں میں2535ڈینگی مریض زیرعلاج ہیں جبکہ لاہور کے ہسپتالوں میں1660ڈینگی مریض داخل ہیں۔ پنجاب بھر کے سرکاری ہسپتالوں میں اس وقت ڈینگی متاثرین کیلئے 5223بستر مختص ہیں۔گزشتہ روز محکمہ صحت کی ٹیموں نے پنجاب بھر میں1028مقامات اور لاہور میں798مقامات سے ڈینگی مچھر کا لاروا تلف کیا ۔دوسری جانبڈینگی مچھرمعصوم بچوں کی بھی جانیں نگلنے لگا۔ چلڈرن ہسپتال لاہور میں 8ماہ کا بچہ موسیٰ اسدبھی ڈینگی سے زندگی کی بازی ہار گیا۔ہسپتال انتظامیہ کے مطابق ڈینگی کا مرض تشخیص ہونے کے 2 دن بعد ہی بچے کی موت ہوگئی۔ لاہور میں موسیٰ اسد ڈینگی سے جاں بحق ہونے والا پہلا بچہ ہے ۔ادھراسلام آباد میں بھی ڈینگی کیسز میں اضافہ ہو رہا ،پمز ہسپتال میں ڈینگی کے 8نئے مریض داخل ہوئے اور اس وقت371ڈینگی مریض زیر علاج ہیں۔راولپنڈی میں بھی ڈینگی کے حملے جاری ہیں اورمزید63مریض الائیڈ ہسپتالوں میں داخل ہوگئے ،6 کی حالت تشویشناک ہے ۔ نشتر ہسپتال ملتان میں مزید 6مریضوں میں ڈینگی وائرس کی تصدیق ہو گئی ۔ سندھ میں ڈینگی کے مزید67کیس رپورٹ ہوئے جن میں سے 40کا تعلق کراچی سے ہے ۔ رواں سال ابتک سندھ میں ڈینگی سے 15اموات ہوچکی ہیں۔ادھرخیبر پختونخوا میں مزید 267افراد میں ڈینگی وائرس کی تشخیص ہوگئی ۔ پشاورکے ہسپتالوں میں زیر علاج ڈینگی مریضوں کی تعداد57ہوگئی۔ صوبہ میں ابتک 8افراد ڈینگی سے جاں بحق ہو چکے ہیں۔