اسلام آباد (سٹاف رپورٹر،92نیوز رپورٹ ) ایک نجی ہوٹل میں نور عالم کو’’ غدار‘‘ کہنے پر بزرگ شہری کو تشددکا نشانہ بنادیا گیا۔ذرائع کے مطابق گزشتہ روز اسلام آبادکے ایک ہوٹل میں افطاری کے دوران پی ٹی آئی کے منحرف رکن نور عالم خان ، ندیم افضل چن، پیپلز پارٹی کے سینیٹر مصطفیٰ نواز کھوکھر،فیصل کریم کنڈی اور دیگر سیاسی رہنما موجود تھے ۔ہوٹل میں اپنی فیملی کے ہمراہ آئے ہوئے ایک بزرگ شخص نے پی ٹی آئی کے منحرف رکن نور عالم پر’’غدار‘‘ فقرہ کسا ۔جس پر نور عالم خان نے سینیٹر مصطفیٰ نواز کیساتھ ملکر شہری پر تشدد کیا۔ ہاتھا پائی کے بعد ہوٹل انتظامیہ نے بزرگ شہری کو ہوٹل سے نکال دیا جس کے بعد نور عالم خان نے پولیس کو ہوٹل میں بلا کر بزرگ شہری کے خلاف مقدمہ اندراج کے لئے درخواست دیدی ۔ ایس پی سٹی اور ایس ایچ او تھانہ سیکرٹریٹ نے ہوٹل میں جا کر نور عالم خان سے شہری کیخلاف مقدمہ اندراج کی درخواست وصول کی اور ہوٹل کے سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج کی مدد سے شہری کی تلاش شروع کر دی ہے ۔ نور عالم نے درخواست میں موقف اختیار کیاہے کہ میں اپنے دوستوں کے ساتھ ہوٹل میں افطاری کیلئے گیا توایک نامعلوم شخص نے گالم گلوچ شروع کر دی اور جان سے مارنے کی دھمکی دی ،ہم نے اسے نظراندازکیا ۔ افطار کیلئے کھانا لینے اٹھے تو دوبارہ اس شخص نے گالیاں اور دھمکیاں دینا شروع کر دیں ، اس کو سمجھانے کی کوشش کی تو اس نے حملہ کر دیا ،اس سے پہلے بھی پی ٹی آئی کے کارکنان بدتمیزی کر چکے ہیں ،شرپسند عناصر کیخلاف قانونی کارروائی کی جائے ۔