امین پور بنگلہ،چنیوٹ، بھوآنہ (نمائندہ92نیوز، نامہ نگار) ناظم عمومی جامعہ محمدی شریف دینی ومذہبی شخصیت بزرگ سیاستدان مولانا محمد رحمت اﷲ طویل علالت کے بعد اپنے خالق حقیقی سے جا ملے ۔ وہ اسلام آباد کے نجی ہسپتال میں زیر علاجتھے اور انہیں پھیپھڑوں کا مرض لاحق تھا،مرحوم گزشتہ دو ماہ سے لاہور اورپھر اسلام آباد کے نجی ہسپتال میں زیر علاج تھے جہاں پر گزشتہ روز وہ اپنے خالق حقیقی سے جا ملے ، مرحوم دینی اور سیاسی حلقوں میں اپنی الگ پہچان رکھتے تھے وہ نہ صرف ایک دینی مدرسہ کے ناظم تھے بلکہ ملکی سیاست میں بھی ان کا اہم کردار رہا ، وہ 1985میں مجلس شوریٰ کے ممبر رہے اور 1988سے 1999کے درمیان تین دفعہ قومی اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے جبکہ 2013کے عام انتخابات میں وہ مسلم لیگ (ن) کے ٹکٹ پر صوبائی اسمبلی کے ممبر منتخب ہوئے لیکن حکومت کے خلا ف پیر آف سیال شریف کی تحریک ختم نبوت میں شامل ہو ئے اور اسمبلی رکنیت سے مستعفی ہوگئے ، دینی خدمات میں انہوں نے اپنے علاقے میں علم کی ایک ایسی شمع کو جلا بخشی جس کا آغاز ان کے والد مولانا محمد ذاکر نے کیا تھا۔ان کا شمار آستانہ عالیہ سیال شریف کے خاص مریدین میں ہوتا ہے ، مرحوم نے سوگواروں میں ایک بیٹا اور بیوہ کو چھوڑا،مولانا رحمت اﷲ کا نمازہ جنازہ گذشتہ شب 9بجے ادا کی گئی بعدازاں ان کو آبائی گاؤں محمد ی شریف کے قبرستان میں سپرد خاک کر دیا گیا۔