لاہور(نمائندہ خصوصی سے )مرکزی علماء کونسل بھارت میں مسلم اقلیتوں کے ساتھ روارکھنے جانے والے مظالم کی مذمت کرتی ہے ۔ کشمیر ،فلسطین ،بھارت،چین سمیت دیگر ممالک میں مسلمانوں پر ہونے والے مظالم کورکوانے کیلئے اسلامی ممالک سے اپنا کردار اداکرنے کی اپیل کرتی ہے ۔یہ بات مرکزی علماء کونسل پاکستان کے زیر اہتمام جامعہ قاسمیہ میں ’’عظمت قرآن کانفرنس ‘‘ سے علمائ، خطبائ،مشائخ عظام نے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ کانفرنس کی صدارت مرکزی علماء کونسل کے چیئرمین صاحبزادہ زاہد محمود قاسمی نے کی۔کانفرنس سے وائس چیئرمین مولانا عبید الرحمن ضیائ، مولانا یار محمد عابد،حافظ محمد شعبان صدیقی، پیر جی خالد محمود قاسمی ،مولانا عبد المنان عثمانی،مولانا شبیر احمد عثمانی، حافظ محمد امجد،مفتی حفظ الرحمن بنوری،میاں محمد طیب ایڈووکیٹ، حافظ محمد طیب قاسمی ودیگر نے بھی خطاب کیا۔کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کی صورتحال اور بھارت میں متعصبانہ شہریت بل کے نفاذ پر متفقہ طور پر امت مسلمہ کا مؤقف اپنا کر کشمیر کے مظلوم مسلمانوں کی مددکی جائے ۔ حکومت مسئلہ کشمیر کے حوالہ سے ٹھوس مؤقف اختیار کرے ۔حکومت تمام بحرانوں کا حل قومی اتفاق رائے سے حل کرے ۔ وسیع ترمفاد کی خاطر قومی اتفاق رائے پیدا کیا جائے ۔