نئی دہلی (نیٹ نیوز )بھارتی سپریم کورٹ نے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت سے متعلق آئین کے آرٹیکل 370 کے خاتمے کیخلاف درخواست پر مودی حکومت سے 4 ہفتوں میں جواب طلب کرلیا۔بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق سپریم کورٹ کے 5 رکنی بنچ نے آرٹیکل 370 کے خاتمے کیخلاف درخواست پر سماعت کی۔سپریم کورٹ نے آرٹیکل 370 کے خاتمے پر آئینی جواز کو چیلنج کرنے والی کسی نئی درخواست کو دائر کرنے پر بھی پابندی عائد کردی۔ درخواست میں مقبوضہ وادی میں مواصلاتی نظام کے معطل ہونے ، بچوں کی غیر قانونی حراست اور پابندیوں سے صحت عامہ پر پڑنے والے اثرات کو چیلنج کیا گیا۔ سپریم کورٹ نے درخواست گزار کی اس استدعا کو مسترد کردیا کہ جواب کیلئے 2 ہفتوں سے زائد کا وقت نہ دیا جائے ۔ سینئر وکیل راجو راماچھندرن نے نکتہ اٹھایا کہ 5 اگست کو بھارتی پارلیمنٹ کی جانب سے منظور کی گئی مقبوضہ جموں و کشمیر کی تقسیم کا اطلاق 31 اکتوبر سے ہوگا۔یہ عمل ناقابل واپسی ہوگا اور درخواستوں کو بے بنیاد نہیں قرار دینا چاہیے ۔