عبدالستار ہاشمی

ویسے تو کرکٹ ٹیلنٹ اور مہارتوں کے مجموعے کا نام ہے اور اس کے لیے دراز قد یا غیر معمولی طاقت کی ضرورت نہیں لیکن اس کے باوجود کھلاڑیوں کی قامت اور قد اس کھیل پر اثر انداز ہوتا ہے۔ سچن ٹنڈولکر کی مثال آپ کے سامنے ہے، ان کا قد صرف 5 فٹ 5 انچ تھا لیکن کرکٹ میں ان کا قد سب کو مات دے گیا اور انہوں نے ایسا نام کمایا جو بڑے بڑے کرکٹرز کے حصے میں نہ آیا۔کچھ کرکٹرز ایسے بھی ہیں جو اپنے قد کے ساتھ مہارتوں میں بلندیوں پر کھڑے نظر آتے ہیں۔ آئیے آپ کو آج دراز قد اور طویل القامت کرکٹرز سے ملواتے ہیں۔

1۔ محمد عرفان (پاکستان)

ایک محتاط اندازے کے مطابق پاکستان کی ٹی20- فارمیٹ کی کرکٹ ٹیم کے اہم رکن اور فاسٹ باؤلر کا قد 7 فٹ ایک انچ ہے اور انہیں کرکٹ کی تاریخ کا سب سے طویل القامت فاسٹ باؤلر تسلیم کیا جاتا ہے۔ محمد عرفان نے 2010 میں انگلینڈ کی ٹیم کے خلاف کھیل کر اپنا ڈیبیو کیا تھا۔ صرف 2 میچ کھیل کر وہ ٹیم سے باہر ہو گئے تاہم 2010-13 میں بھارت کے خلاف کھیلی جانے والی سیریز میں وہ بڑے زوروں سے واپس آئے۔ محمد عرفان لیفٹ آرم فاسٹ باؤلر ہیں اور ان کی رفتار 140 کلومیٹر ریکارڈ کی گئی ہے۔ محمد عرفان اپنے دراز قد کا فائدہ اٹھا کر اپنی باؤلنگ میں غیر معمولی اچھال پیدا کر تے ہیں۔

2۔ جوئل گارنر (ویسٹ انڈیز)

6 فٹ 8 انچ قد کے جوئل گارنر کو کرکٹ کی دنیا میں ’’بگ برڈ‘‘ کے نام سے یاد کیا جاتا ہے۔ گارنر نے ستر اور اسی کی دہائیوں میں اپنی فاسٹ باؤلنگ کا جادو جگایا اور وہ اپنی بروقت یارکر کی وجہ سے ہمیشہ جانے جاتے رہیں گے۔ گارنر نے 1979 کے ورلڈ کپ میں انگلینڈ کے بلے بازوں کو پچھاڑ کے رکھ دیا۔ گارنر کے کھاتے میں 146 ون ڈے میچ کھیل کر 18.84 کی اوسط سے 259 وکٹیں درج ہیں۔ جوئل گارنر جب بھی مین آف دی میچ ایوارڈ لینے سٹیج پر آئے تو میزبان یا اینکر پرسن کو ہمیشہ اپنا سر بلند کر کے گارنر سے بات کرنی پڑی۔ گارنر بھی اپنے قدسے گیند میں غیر معمولی اچھال پیدا کرنے پر قدرت رکھتے تھے۔

3۔ کرس ٹریمیلٹ (انگلینڈ)

انگلینڈ کے فاسٹ باؤلر کرس ٹریمیلٹ کا قد 6 فٹ 7 انچ ہے کرس نے 2000ء میں نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے ہی میچ میں پہلی ہی گیند پر وکٹ لے کر نام کمایا تھا۔ تاہم ان کا ڈیبیو 2005 میں بنگلادیش کی کرکٹ ٹیم کے خلاف کھیل کر ہوا تھا۔ دراز قد کا یہ باؤلر صرف اپنی خراب فٹنس اور انجریز کی وجہ سے اتنا کچھ نہ کر سکے کہ ان کے ریکارڈ پر فخر کیا جاتا۔ 2010-11 کی ایشز میں فتح کے حصول کے لیے کرس کی محنت کو یاد رکھا جائے گا۔ کرس اپنے ساتھی کرکٹر کے ساتھ کھڑے ہمیشہ نمایاں رہے یہاں تک کہ وکٹ لینے پر ان کے کولیگز کو انہیںشاباشی دینے میں دقت کا سامنا کرنا پڑتا تھا۔ 

4۔سٹیون فن (انگلینڈ)

2018 میں انگلینڈ کے 6 فٹ اور 7 انچ دراز قد کے رائٹ ہینڈڈ بیٹسمن اور رائٹ آرم میڈیم فاسٹ باؤلر سٹیون فن پاکستان سپر لیگ کھیلنے پاکستان آئے اور یہاں سے واپسی پر انہوں نے ایک ٹویٹ کے ذریعے اپنے اس دورے پر خوشی کا اظہار کیا تھا۔ وہ کہتے ہیں کہ میں5 ہفتوں کی اس کرکٹ میں میں نے اسلام آباد یونائیٹڈ کی انتظامیہ اور ساتھی کرکٹرز کے ساتھ کرکٹ سے لطف اندوز ہوا ہوں۔ پاکستان میں کھیلنے کا تجربہ نہایت خوشگوار رہا اور امید ہے کہ آئندہ بھی موقع ملتا رہے گا۔ فن کی باؤلنگ کی یہ خوبی انہیں دوسروں پر حاوی ہونے کا موقع دیتی ہے کہ وہ اپنے قد کی وجہ سے ایکسٹرا باؤنس پیدا کرتے ہیں۔ وہ انگلینڈ کے آل ٹائم دراز قد کے کرکٹرز میں دوسرے نمبر پر ہیں۔

5۔ کرٹلی ایمبروز (ویسٹ انڈیز)

80 کی دہائی کے آخر سے نئی صدی میںانٹری تک ویسٹ انڈیز کے 6 فٹ 7 انچ لمبے قد والے بہترین باؤلر کرٹلی ایمبروز کا دور ان کے کیرئر کا شاندار دور قرار پاتا ہے۔ وہ گارنر سے محض آدھا انچ چھوٹے قد کے تھے لیکن یارکر پھینکنے کی صلاحیت میں وہ کسی سے کم نہیں رہے۔ ون ڈے میں ان کی وکٹیں 630 اور ٹیسٹ میچز میں 405، 1992 میں وژڈن کرکٹرز نے انہیں آل ٹائم بیسٹ فاسٹ باؤلر کا درجہ دیا۔ انہیں انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے ہال آف فیم کا ایوارڈ بھی ایمبروز کا طویل قد ان کی غیر معمولی کامیابیوں کا ضامن بنا۔

6۔ جاسن عمر ہولڈر (ویسٹ انڈیز)

جاسن ہولڈر بار بدین ویسٹ انڈیز کے شاندار آل راؤنڈ رہے ہیں۔ ان کا قد بھی 6 فٹ اور 7 انچ ہے۔ انہوں نے 2013 میں آسٹریلیا کے خلاف اپنا او ڈی آئی ڈیبیو کیا ۔ ڈیبیو کے چند دنوں بعد انہیں آئی پی ایل کی معروف ٹیم چنائی سپر کنگز نے اپنی ٹیم کے لیے چن لیا۔ ان کی نیلامی کی قیمت 20 ہزار ڈالر لگائی گئی۔ 15 جنوری 2014 میں نیوزی لینڈ کے خلاف ٹی20- کیرئر کی شروعات کی تھی۔

7۔ ٹام موڈی (آسٹریلیا)

تھامس میسن موڈی کو لانگ ٹام موڈی کہا جاتا ہے۔ ان کا قد بھی 6 فٹ اور 7 انچ ہے۔ موڈی نے سٹیو کے ساتھ 1987 اور 1991 کا ورلڈ کپ ٹورنامنٹ کھیلا تھا۔ وہ سری لنکا ٹیم کے ہیڈ کوچ بھی رہے ہیں اور ان دنوں ان کی خدمات آئی پی ایل میں کنگز الیون پنجاب نے مستعار لے رکھی ہیں۔ دراز قد کے کرکٹرز کی فہرست میں شامل موڈی نے بھی اپنے قد کا بھرپور فائدہ اٹھایا تھا۔ 

8۔ ٹونی گریگ (انگلینڈ)

انتھونی ولیم ٹونی گریگ نے 6 اکتوبر 1946ء سے 29 دسمبر 2012 تک کی ملنے والی زندگی میں نہایت ہی پُر اعتماد کھلاڑی کا خطاب پایا۔ 6 فٹ اور 7.5 انچ کے حامل اس کرکٹر نے مسلسل 58 ٹیسٹ کھیلے۔ ان کے کھیلنے کا دورانیہ 1972 سے 1977 تک رہا۔ وہ نہایت ہی سٹائلش بلے باز تھے اور اپنے لمبے قد کی وجہ سے اچھے سے اچھے باؤلر کو باندھ کر رکھ دیتے تھے۔ کوئی فاسٹ باؤلر کتنی اچھال پیدا کر سکتا ہے جو ٹونی گریگ کے جسم کو ہٹ کر سکے۔ وہ 66 برس کی عمر میں کینسر جیسے موزی مرض کا شکار ہوئے۔

9۔ کورٹنی والش (ویسٹ انڈیز)

6 فٹ 6 انچ کے کورٹنی والش نے کرکٹ کی تاریخ کے بہترین باؤلرز کی فہرست میں اپنا نام بطور شاندار باؤلر کے درج کروانے میں ذرا بھی تاخیر نہیں کی تھی۔ وہ 1984 سے 2001 تک ویسٹ انڈیز کے لیے کھیلتے رہے۔ ویسٹ انڈیز ہی کے کرٹلی ایمبروز کے ساتھ ان کی بطور باؤلر جوڑی سات برس تک قائم رہی۔ والش پہلے فاسٹ باؤلر ہیں جنہوں نے 500 وکٹوں کا ہدف پورا کیا۔ اکثریتی وکٹیں انہوں نے دراز قد کی وجہ سے حاصل کی تھیں۔

10۔ مورنے مورکل (جنوبی افریقہ)

چھ فٹ اور 5 انچ کے ہورنے مورکل کو کون نہیں جانتا۔ اپنی جینوئن سپیڈ کی وجہ سے پروٹیز کی ٹیم میں جگہ بنائے رکھی، وہ لوئر ہاف پر کھیلتے ہوئے اچھی بیٹنگ بھی کیا کرتے رہے، 2009 میں خراب کارکردگی کی وجہ سے ٹیم سے نکال باہر کیے گئے، لیکن ایک برس بعد ہی ان کی دوبارہ ٹیم میں انٹری ہوئی۔ مورنے مورکل کی خطرناک باؤلنگ کا بہترین ہتھیار ان کا دراز قد ہے۔