وزیر اعظم عمران خاں نے کہا ہے کہ بجلی اور گیس چوری میں ملوث عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائی جاری رکھی جائے اور ان عناصر کو عوام کے سامنے بے نقاب کیا جائے۔ اس میں کوئی شبہ نہیں کہ ملک میں آنے والے توانائی بحران کے پس پردہ سب سے بڑا مسئلہ بجلی اور گیس چوری ہے۔ ماضی کی حکومتوں نے برسوں تک اس پر کوئی توجہ نہیں دی بلکہ بجلی اور گیس سے متعلقہ وزارتوں اور محکموں کے ملازمین گیس اور بجلی کی چوری کے معاملات میں ملوث رہے جس کی وجہ سے ملک میں توانائی کا بحران بار بار پیدا ہوتا رہا اور اس کا خمیازہ عوام کو بھاری بلوں کو صورت میں برداشت کرنا پڑا۔ ماضی کی حکومتیں بجلی و گیس چوروں کو پکڑنے کی بجائے بجلی و گیس کی قیمتوں میں اضافہ کرتی رہیں جس کے نتیجہ میں ان چوروں کو اپنی سرگرمیاں جاری رکھنے کا موقع ملتا رہا۔ تاہم موجودہ حکومت کو بہرحال یہ اعزاز حاصل ہے کہ ملک کی باگ ڈور سنبھالتے ہی نہ صرف اس نے گیس اور بجلی چوری کے خلاف ملک گیر مہم شروع کی بلکہ متعلقہ وزارتوں اور محکموں میں اصلاحات بھی کیں جس کی وجہ سے کافی حد تک بجلی و گیس چوری پر قابو پا نے میں مدد ملی۔ اس برائی کو جڑ سے اکھاڑنے کیلئے ضروری ہے کہ بجلی اور گیس چوروں کو نہ صرف پکڑا جائے بلکہ انہیں عوام کے سامنے بے نقاب بھی کیا جائے تاکہ توانائی کی چوری کے رجحان کا قلع قمع ہو اور عوام کو بجلی و گیس کی قیمتوں میں اضافے اور لوڈشیڈنگ کے عذاب سے مکمل نجات دلائی جا سکے۔