اب تک چار کرکٹرزدو مرتبہ ٹرپل سنچری بنانے کا کارنامہ انجام دے چکے ہیں

 

عبدالستار ہاشمی

کرکٹ نمبرز کا کھیل ہے اور یہ نمبرز ہی کسی بھی کھلاڑی کی حیثیت کا تعین کرتے ہیں۔ جیسے سو رنز بنانے والے کھلاڑی ہمیشہ سے ہی مقبول رہے ہیں اور جنہوں نے ڈبل سنچری بنائی ہو وہ تو اور بھی معتبر ہو جاتے ہیں اور آپ اندازہ لگائیں کہ ٹرپل سنچری بنانے والے کس کیٹگری کے کھلاڑی ہوں گے۔  انٹرنیشنل کرکٹ میں اب تک چار کرکٹرز ایسے گزرے ہیں جنہوں نے دو مرتبہ ٹرپل سنچری بنانے کا کارنامہ انجام دیاہے۔ جہاں تک ٹیسٹ کرکٹ کی بات ہے اس میں 26  کرکٹرز ٹرپل سنچری بنانے کا شاندار اعزاز اپنے نام کے ساتھ جوڑے ہوئے ہیں۔ آئیے آپ کو ان کے بارے میں مختصراً بتاتے ہیں جنہوں نے دو مرتبہ ٹرپل سنچریاں بنا رکھی ہیں۔

سرڈان بریڈ مین

یہ ناقابلِ یقین بات ہے کہ سرڈان بریڈ مین نے 99.94 کی اوسط سے رنزبنائے لیکن اس بات سے فرق نہیں پڑتا کہ کوئی یقین نہ کرے لیکن حقائق ہمیشہ بولتے ہیں۔ لیجنڈری آسٹریلوی سرڈان بریڈ مین نے دنیا بھر کے ریکارڈ اپنے نام کر کے خود کو بے مثال ثابت کیا۔ انہوں نے صرف انگلینڈ کے خلاف 5028 رنز بنائے اور اس میں 19 سنچریاں شامل ہیں۔ انگلش باؤلر ان کے نام سے ہمیشہ خائف رہتے تھے۔ 300 یعنی ٹرپل سنچری بنانے والی فہرست میں ڈان بریڈ کا نام سرفہرست ہے۔  پہلی مرتبہ 1930 میں انہوں نے 334 رنز بنا کر پہلے آسٹریلوی کھلاڑی ہونے کی سند پائی جنہوں نے ٹرپل سنچری بنائی ہو۔ پانچ میچز کی اس سیریز میں انہوں نے 974 رنز بنائے تھے۔ یہ میچ بھی کانٹے کا تھا۔ اس کے بعد 1934 میں انہوں نے پھر سے تاریخ دھرائی اور 304 رنز بنائے۔ اس مرتبہ ان کی ٹیم مشکل میں تھی اور محض 39 رنز کے عوض 3 وکٹیں گر چکی تھیں لیکن اس کے بعد بریڈ مین نے میچ کا پانسہ پلٹ دیا۔

 برائن لارا

برائن لارا آل ٹائم عظیم بلے بازوں میں سے ایک ہیں۔ یہ ویسٹ انڈیز کی وہ رن مشین تھی جس میں ایک اعلیٰ بلے باز کے تمام اوصاف بدرجہ اتم پائے جاتے تھے۔ لارا نے اپنے کیرئر کے دوران کئی ناقابلِ یقین ریکارڈ بھی اپنے نام کئے ہوئے ہیں جیسے انہوں نے 2004 میں انگلینڈ کے خلاف 400 ناٹ آؤٹ رنز بنائے اس لحاظ سے وہ دنیا کے پہلے بلے باز ہیں جنہوں نے 400 رنز بنائے ہیں۔ لارا کی دوسری ٹرپل سنچری بھی انگلینڈ کے خلاف ہی تھی جس میں انہوں نے 1994 میں 375 رنز بنائے تھے۔ لارا کی شاندار کارکردگی کی وجہ سے ویسٹ انڈیز نے انگلینڈ کو 3-1 سے ہرایا تھا۔

 وریندر سہواگ

28مارچ 2004 کو وریندر سہواگ بھارت کے پہلے کھلاڑی بنے جنہوں نے انٹرنیشنل کرکٹ میں اپنی روایتی حریف پاکستان کے خلاف ملتان کرکٹ سٹیڈیم میں ٹرپل سنچری بنائی اور وریندر کی ٹیم نے یہ میچ ایک اننگز اور52 رنز سے جیت کر سیریز 2-1 سے اپنے نام کی۔ اس میچ کے چار برس بعد 2008 میں سہواگ نے جنوبی افریقہ کے خلاف ایک مرتبہ اپنی زندگی اور کیرئر کی دوسری ٹرپل سنچری بنائی۔ اس مرتبہ انہوں نے اپنے کھاتے میں 309 رنز لکھوائے۔ جنوبی افریقہ نے پہلی اننگز میں 540 رنز بنائے تھے اور ڈیل سٹین کی موجودگی میں پروٹیز کا خیال تھا کہ وہ آسانی سے میچ اپنے نام کر لیں گے لیکن انہیں کیا معلوم تھا کہ آج سہواگ کا بلا رنز اگلے گا اور 304 گیندوں پر 319 رنز بنائے گا۔

 کرس گیل (ویسٹ انڈیز)

محدود اوورز کی گیم میں کرس گیل کے بہترین سٹائل کی وجہ سے انہیں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا، کوئی بھی اس یونیورسل باس کو جارح بلے باز کا خطاب دینے کی مخالفت نہیں کر سکتا۔ کرس گیل کا تعلق اور نام اس فہرست میں شامل ہے جنہوں نے ڈبل ٹرپل سنچری بنا کر اپنا نام بنایا ہے۔ گیل نے 2005 میں جنوبی افریقہ کے خلاف پہلی مرتبہ ٹرپل سنچری بنائی تھی۔ یہ ٹرپل سنچری شان پولاک، مکایا نتھنی اور جیک کیلس جیسے باؤلرز کی موجودگی میں بنائی گئی۔ انہوں نے اس معرکے میں 317 رنز  بنائے تھے۔ مزے کی بات یہ ہے کہ جنوبی افریقہ کے 588/6 رنز کے جواب میں ویسٹ انڈیز کے تین کھلاڑی صفر پر آؤٹ ہو چکے تھے۔اس اہم موقع پر گیل کا یہ کارنامہ سنہرے حروف میں لکھنے کے قابل ہے۔

کرس گیل نے دوسری مرتبہ یہ کارنامہ سری لنکا کے خلاف انجام دیا۔ انہوں نے 333 رنز بنائے تھے جس میں 34 چوکے اور 9 چھکے لگائے گئے۔ گیل 2010 میں سری لنکا کے دورے پر آنے والی ویسٹ انڈین ٹیم کے اہم کھلاڑی تھے۔

٭٭٭

 

٭٭٭