غلام سجاد

کہتے ہیں میوزک روح کی غذا ہے،سچ چاہے جو بھی ہو بچے بڑے،عورت اور مرد میوزک کی کسی نا کسی فارم کو پسند ضرور کرتے ہیں۔یہاں تک کہ صوفی حضرات بھی قوالی اور تصوف میں شاعری کی ایک صنف میں خاصی دلچسپی رکھتے ہیں۔کسی کی آواز سریلی ہو یا نا ہو مگر وہ خیالات میں یا سب کے سامنے گنگناتا ضرور ہے۔یہاں سے ثابت ہوتا ہے کہ موسیقی میں ایک ایسا سکون موجود ہوتا ہے کہ جس کی سب کو تلاش ہوتی ہے۔وقت کے ساتھ ساتھ شاعری اور موسیقی کی جہتیں بھی تبدیل ہوتی رہی ہیں۔کسی دور میں غزل گائیک مشہور تھے تو آج ریپر اسٹار ہیں۔وہ ریپر اسٹار جن کے لفظوں اور جملوں کی کوئی ترتیب تو نہیں ہوتی مگر میوزک اور ان کے اسٹائل میں اس قدر ہم آہنگی ہوتی ہے کہ سننے والے کو اچھا لگتا ہے۔یہی وجہ ہے کہ آج ریپر اسٹارز کو دنیا بھر میں توجہ مل رہی اور میوزک میں ریپ متعارف کرانے والے لوگوں کو بھی پسند کیا جا رہا ہے۔آئیے آپ کو دنیا کے پانچ امیر ترین ریپر اسٹارز سے ملواتے ہیں۔

 

جائے زی(Jay Z)

جائے زی دنیا کاپہلا’ ہپ ہاپ‘ ریپر ہے جو کہ دولت کما کر اس فیلڈ کا پہلا بلینئر بن گیا ہے۔جائے زی کا اصل نام شان کورے کارٹر ہے۔ وہ4دسمبر1969کو پیدا ہوئے اوران کا تعلق امریکہ سے ہے۔گزشتہ دو دہائیوں سے ان کا شمار بہترین ریپر اور کلچرل آئیکن کے طور پر ہوتا ہے۔ 1995میں ’’راک اے فیلا ریکارڈز‘‘کے ساتھ گانا گا کر انہوں نے میوزک کی دنیا میں قدم رکھا۔جبکہ1996میں انہوں نے اپنا پہلا اسٹوڈیو البم ’’ریزن ایبل ڈائوٹ‘‘ریلیز کر کے میوزک کی دنیا میں ایک نئی جہت متعارف کرا دی۔اسی البم نے ناقدین و شائقین میں جائے زی کو ڈسکس کرنے پر مجبور کر دیااور میوزک کی دنیا میں ایک نئے شخص کا اضافہ ہو گیا۔دی بلیو پرنٹ،دی بلیک البم،واچ دی تھرون اور ایوری تھنگ از لو ایسے البم ہیں جنہوں نے جائے زی کی شہرت میں اضافہ کیااور وہ ریپرز کی دنیا کے بے تاج بادشاہ بن گئے۔ریپر کے علاوہ جائے زی ایک کامیاب بزنس مین بھی ہیں۔1999میں انہوں نے کپڑوں کا برانڈ ’’راک ویئر‘‘لانچ کیا۔جبکہ 2003میں انہوں نے ’اسپورٹس بار‘کی ایک چین بھی متعارف کرائی۔یہ دونوں بزنس دن رات ترقی کرتے ہوئے ملین ڈالر کمانے کا باعث بنے۔اس کے علاوہ راک نیشن اور اسپائرو نامی کمپنیاں بھی جائے زی نے بنائیں جن کے ذریعے ان کی دولت میں اضافہ ہوا۔جائے زی کاشمار ان موسیقاروںمیں ہوتا ہے جن کا میوزک آج تک کی تاریخ میں سب سے زیادہ فروخت ہوا ہے۔انہوں نے اب تک22گریمی ایوارڈ بھی جیت رکھے ہیں جبکہ جائے زی اور اس کی بیوی کی مشترکہ دولت کا تخمینہ 1.4بلین ڈالر لگایا گیا ہے۔

 

ڈاکٹر ڈری(Dr. Dre)

ڈاکٹر ڈری 18فروری1965کو کیلی فورنیا میں پیدا ہوئے۔ان کا اصل نام اندری رومیلی ینگ ہے جو کہ امریکن موسیقار ہیں۔ڈاکٹر ڈری ’’آفٹرماتھ انٹرٹینمنٹ ‘‘اور بیسٹ الیکٹرونکس‘‘ کے سی ای او بھی ہیں۔ ڈاکٹر ڈری کو شہرت ’’گینگسٹا ریپ‘‘سے ملی۔جس ریپ میں سٹریٹ مظالم کو نمایاں کیا گیا تھا۔آہستہ آواز اور ہیوی بیٹس کے ساتھ ہپ ہاپ اور دیگر شاعری کو گانا ڈاکٹر زی کا ہی کریڈٹ ہے۔ 1992میں ’’دی کرونک‘‘البم نکال کر انہوں نے اس فیلڈ میں اکیلے قدم رکھا۔ یہ البم1993میں امریکہ کا سب سے زیادہ فروخت ہونے والا البم بن گیا جس کے ساتھ ڈاکٹر ڈری کی شہرت بھی آسمان کی بلندیوں تک پہنچ گئی۔اس البم نے ڈاکٹر ڈری کے کھاتے میں گریمی ایوارڈ بھی لکھ دیا۔لیٹ می رائیڈ،سنوپ ڈاگی ڈاگ اور ڈوگی سٹائل اس کے مشہور البم ہیں۔ڈاکٹر ڈری نے اب تک6گریمی ایوارڈ جیتے ہیں۔سو عظیم ترین میوزک آرٹسٹس میں ڈاکٹر ڈری کا 56واں نمبر ہے۔ڈاکٹر ڈری800ملین ڈالر کی کمائی کے ساتھ دوسرے امیر ترین ریپر اسٹار ہیں۔

 

ڈِڈی (Diddy)

ڈِڈی مشہور ریپر اسٹار ہیں جن کا اصل نام سین کومبز ہے۔ڈِڈی 4نومبر1969کو نیویارک میں پیدا ہوئے۔ڈِڈی ریپر کے ساتھ ساتھ ایکٹر بھی ہے ۔اپنا البم اور میوزک لانچ کرنے سے قبل ڈِڈی ’’اپ ٹائون ریکارڈز‘‘کے ساتھ کام کرتا تھا۔تاہم 1993میں میں انہوں نے ’’بیڈ بوائے انٹرٹینمنٹ‘‘ البم نکالااور شہرت کی بلندیوں تک پہنچ گئے۔اس کے بعد1997میں ’’نو وے آئوٹ‘‘البم نے ڈِڈی کے لیے میوزک کی دنیا کے دروازے کھول دیے اور وہ باقاعدہ ریپر اسٹار کے طور پر دنیا میں متعارف ہونے لگے۔ان کے اسی البم ’’نووے آئوٹ‘‘نے سب سے زیادہ فروخت ہونے کا ریکارڈ قائم کرنے کے ساتھ ساتھ ’سیون ٹائمز پلاٹینم‘ حاصل کرنے کا ریکارڈ بھی اپنے نام کر لیا۔اس کے بعد فارایور،دی ساگا کنٹینیوز،پریس پلے اور لاسٹ ٹرین ٹو پیرس جیسے البمز نے ڈِڈی کی شہرت میں کمال اضافہ کیااور ان کے لیے دولت اکٹھی کرنے کا باعث بھی بنے۔ڈِڈی نے تین گریمی ایوارڈز اور دو ایم ٹی وی ویڈیو میوزک ایوارڈز بھی جیت رکھے ہیں۔740ملین ڈالر کی کمائی کے ساتھ ڈِڈی دنیا کے تیسرے نمبر کے امیر ترین ریپراسٹار ہیں۔

 

ڈریک(Drake)

ڈریک کا اصل نام ابری ڈریک گراہم ہے جو کہ 24اکتوبر1986کو کینیڈا میں پیدا ہوئے۔بزنس مین اور ایکٹر ہونے کے ساتھ ساتھ ڈریک نے ریپر اسٹار ہونے کے طور پر خوب شہرت حاصل کی ہے۔2000میں ریلیز ہونے والی ڈرامہ سیریل ’’ڈیگریسی:دی نیکسٹ جنریشن‘‘میں ایکٹنگ کر کے ڈریک نے شائقین کی توجہ اپنی جانب مبذول کروائی۔2007میں اس ٹیلی سیریز سے علیحدگی اختیار کرنے کے بعد انہوں نے سولو ریپر کے طور پر اپنا کیرئر بنانے کا فیصلہ کیا۔’’روم فار امپروومنٹ‘‘نامی پہلی میوزک البم ریلیز کرتے ہی انہوں نے میوزک کی دنیا میں اپنے لیے جگہ پیدا کرلی۔اس کے بعد کم بیک سیزن اور سو فار گون البم نے بھی ڈریک کی شہرت میں خوب اضافہ کیا۔تاہم انہوں نے اپنا ڈیبیو اسٹوڈیو البم پہلی بار2010میں ’’تھینک می لیٹر‘‘کے نام سے ریلیز کیا۔اس البم نے بھی پلاٹینم کا درجہ حاصل کیا اور ڈریک کو دولت مند ہونے میں بھی مدد دی۔اس کے بعد ٹیک کیئر،نتھنگ واز دی سیم جیسے البمز نے ڈریک کے لیے گریمی ایوارڈ حاصل کرنے کا بندوبست کیا۔متعدد میوزک ایوارڈز کے علاوہ ڈریک کو دنیا بھر میں170ملین البم بیچنے کا ریکارڈ بھی حاصل ہے جس بنا پر ریکارڈنگ انڈسٹری ایسوسی ایشن آف امریکہ  اسے دنیا بھر کا سب سے نمایاں سنگل ڈیجیٹل آرٹسٹ مانتی ہے۔2019میں150ملین ڈالر کی کمائی کے ساتھ ڈریک پانچویں امیر ترین ریپر اسٹار ہیں۔

 

کانیہ ویسٹ

(Kanye West)

کانیہ ویسٹ بھی امریکن ریپر اور موسیقار ہیں۔ریپ کے علاوہ کانیہ کی پہچان فیشن ڈیزائنر کے طور پر بھی ہے۔ان کے ریپس میں انتہا کی ورائٹی دیکھنے کو ملتی ہے،فیشن سے لے کر جدید ٹیکنالوجی تک ہر چیز سے متعلق ان کا ریپ موجود ہے۔کانیہ ویسٹ کا پورا نام کانیہ اماری ویسٹ ہے اور ان کے کریڈٹ پر سب سے پہلی بات یہ ہے کہ یہ میوزک برانڈ ’’راک اے فیلا ریکارڈز‘‘کے پہلے پروڈیوسر تھے جنہوں نے اس پلیٹ فارم سے جائے زی،لڈارکرس اور ایلشیا کیز کے البم ریکارڈ کر کے مارکیٹ میں بھیجے۔تاہم بعد ازاں انہوں نے اکیلے ریپر اسٹار بننے کی ٹھانی اور 2004میں اپنا پہلا البم ’’دی کالج ڈراپ آئوٹ‘‘ریلیز کیا۔اس البم کو گڈ میوزک کا ٹیگ لگااور اس نے بھی فروخت کے تمام ریکارڈ توڑ دیے۔تاہم بعد ازاں لیٹ رجسٹریشن،گریجوایشن،ہارٹ بریک،دی لائف آف پابلو اور مائی بیوٹی فل ڈارک ٹوسٹڈ فنٹیسی جیسے البمز نے پیسا اور شہرت کانیہ کی جھولی میں ڈال دی۔ان کے ریپ کا اسٹائل جو کہ زندگی کاالگ پہلو نمایاں کرتا تھا شائقین میں توجہ کا مرکز بن گیا۔نسل پرستی،امریکی سیاست،فیشن اور میوزک سے متعلق سوشل میڈیا پر ایکٹو رہنے اور ان پر جملے کسنے کی وجہ سے بھی کانیہ کو میڈیا میں زیادہ شہرت ملی۔21گریمی ایوارڈز سمیت کئی بیسٹ سیلنگ میوزک ایوارڈز بھی کانیہ نے سمیٹ رکھے ہیں۔تاہم 240ملین ڈالر کی کمائی کے ساتھ کانیہ2019کے چوتھے نمبر کے امیر ترین ریپر اسٹار ہیں۔