اسلام آباد (سپیشل رپورٹر،92نیوز رپورٹ) پاکستان نے بھارت میں بڑھتا اسلامو فوبیا دنیا کے سامنے اٹھادیا۔ وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری نے جرمن ہم منصب اینالینا بیئر کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس میں کہا ہے کہ بھارت میں بڑھتے اسلاموفوبیا کے واقعات پر تشویش ہے ، بی جے پی رہنماؤں کے گستاخانہ بیانات سے پوری اُمتِ مُسلمہ کی دِل آزاری ہوئی۔ بھارت کو معافی مانگنا ہوگی۔پاکستان دہشتگردی اور انتہا پسندی کا کئی دہائیوں سے سامنا کر رہا ہے ، پرامن افغانستان نہ صرف پاکستان بلکہ پوری دنیا کے مفاد میں ہے ، اقوام متحدہ کے مطابق 97 فیصد عوام غربت کی لکیر سے بھی نیچے جا سکتے ہیں، طالبان الٹ سمت میں جارہے ہیں، بحرانوں سے نکلنے کیلئے دنیا کے ساتھ چلنا ہوگا۔یوکرین کے حوالے سے پاکستان کا موقف نہیں بدلا، پاکستان کسی نئے تنازعہ میں نہیں الجھنا چاہتا۔ روسی جارحیت نے عالمی امن کو خطرے میں ڈالا۔ جرمنی کی وزیر خارجہ نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کا حل بات چیت کے ذریعے ہونا چاہیے ، کشمیر پر اقوام متحدہ کی قراردادوں کی حمایت کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ افغانستان کو انسانی بحران کا سامنا ہے جب کہ روسی جارحیت یورپ اور پوری دنیا کیلئے خطرناک ہے ۔اینالینا بیئربوک کا مزید کہنا تھا کہ افغانستان میں طالبان کے برسراقتدار آنے میں افغان عوام کا کوئی قصور نہیں۔اس سے قبل پاکستان اور جرمنی کے وزرائے خارجہ کے درمیان ملاقات میں دونوں ممالک کے تعلقات، علاقائی اور عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیرمملکت برائے خارجہ امور حنا ربانی کھر نے بھی جرمنی کی وزیرخارجہ سے ملاقات کی۔ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کے ہمراہ جرمنی کی وزیرخارجہ نے دفترخارجہ کے احاطے میں پودا بھی لگایا۔ بعدازاں کورونا ٹیسٹ پازیٹو آنے پرجرمن وزیر خارجہ انالینا بیئربوک نے اپنا دورہ پاکستان مختصر کر دیا جبکہ ان کے بیرون ملک اسی سفر کے دوران یونان اور ترکی کے دوروں کو منسوخ کر دیا گیا۔ برلن میں جرمن وزارت خارجہ نے انالینا بیئربوک کے کووڈ پازیٹیو ہونے کی تصدیق کر دی۔مشترکہ پریس کانفرنس کے بعد دوپہر کھانا کھاتے ہوئے بیئربوک کو احساس ہوا کہ ان کی ذائقے کی حس چلی گئی ہے ۔ جس پر ان کا کورونا ٹیسٹ کیا گیا، تو نتیجہ مثبت نکلا۔ان کا کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کے باعث بلاول بھی اپنی رہائش گاہ پر قرنطینہ میں چلے گئے ہیں۔اب وہ تمام سرکاری و سیاسی امور گھر سے انجام دیں گے اورجلد کورونا ٹیسٹ کرائینگے ۔ بلاول نے ایک ٹویٹ میں کہاکہ میری نیک تمنائیں ہیں کہ جرمنی کی وزیرخارجہ انالینا بیئربوک کی صحت اچھی ہو اور تیزی سے بہتری آئے ۔