اسلام آباد (ذیشان جاوید) حکومت نے ہزار سی سی تک کی گاڑیوں پر ٹیکس میں کمی کا اعلان کیا ہے جس کے مطابق850سی سی تک کی گاڑیوں پر ٹیکسوں کی چھوٹ کی مد میں صارفین کو95ہزار جبکہ ہزار سی سی گاڑی پر ٹیکسوں کی چھوٹ کی مد میں ڈیڑھ لاکھ روپے تک کا ریلیف متوقع ہے ۔ قومی اسمبلی میں پیش کئے گئے مجوزہ فنانس بل کے مطابق 850سی سی تک گاڑیوں پر ایڈیشنل کسٹم ڈیوٹی اور ریگولیٹری ڈیوٹی ختم کرنے کی تجویز پیش کی گئی تھی جبکہ گاڑیوں کی درآمد پر کسٹم ڈیوٹی 30فیصد سے کم کرکے 15فیصد تک کئے جانے کی تجویز تھی۔ وزارت خزانہ کا کہنا ہے کہ نئی آٹو پالیسی اور ٹیکسوں میں چھوٹ کی وجہ سے ایک ہزار سی سی تک کی گاڑیوں تک ایک عام آدمی کی رسائی ممکن ہوسکے گی۔ الیکٹرک گاڑی مقامی طور پر تیار کرنے کیلئے سی کے ڈی کٹس کی درآمد پر بھی ویٹ کی چھوٹ ہوگی۔ دوسری جانب پانچ منٹ یا زائد وقت کی فون کال پر صارفین کو 19.5 فیصد فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی کے ساتھ 75 پیسہ فی کال اضافی ٹیکس ادا کرنا پڑے گا اور کال 1.97 روپے سے بڑھ کر 2.72 روپے کی ہوجائیگی۔