لاہور(سپورٹس رپورٹر )پاکستان کرکٹ بورڈ نے اعلان کیا ہے کہ سٹی کرکٹ ایسوسی ایشن ٹورنامنٹ برائے 22-2021 کا آغاز 5 جولائی سے ہوگا، جو 6 اگست تک جاری رہے گا۔ ٹورنامنٹ میں کل 93 ٹیموں کے تقریباََ 1800 کرکٹرز شرکت کریں گے ، جنہیں اس ٹورنامنٹ میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر کرکٹ ایسوسی ایشن کی ٹیم میں جگہ بنانے کا موقع بھی مل سکتا ہے ۔ایونٹ میں شامل ہر میچ 2 روز پر مشتمل ہوگا، جہاں ایک دن 100اوورز پھینکے جائیں گے ۔ اس دو روزہ میچ کے ایک دن میں مجموعی طور پر 7 گھنٹوں اور 20 منٹ کا کھیلا ہوگا۔ اس دوران دوپہر 12 سے دوپہر 2 بجائے تک 2 گھنٹے کا وقفہ رکھا گیا ہے ۔ان میچز کو نتیجہ خیز بنانے کی غرض سے دونوں ٹیموں کے لئے پہلی اننگز کو 75 اوورز تک محدود رکھا گیا ہے ، کسی بھی باؤلر کو ایک اننگ میں زیادہ سے زیادہ 15 اوورز کروانے کی اجازت ہوگی۔ ہر کرکٹ ایسوسی ایشن میں شامل تمام سٹی کرکٹ ایسوسی ایشنز کو دو مختلف گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے ،خیبرپختونخوا میں 19، سندھ میں 17، سینٹرل پنجاب میں 16، سدرن پنجاب میں 14، بلوچستان میں 13 اور ناردرن میں 11 سٹی کرکٹ ایسوسی ایشنز کی ٹیمیں شامل ہیں ۔