پولیس نے اشتہاری مجرموں کی گرفتاری اور ان کی سرکوبی کے لئے نئی سزائوں کی تیاری کر لی ہے جس کے تحت اے اور بی کیٹیگری کے اشتہاریوں کے شناختی کارڈ‘موبائل سمز اور دیگر شناختی دستاویزات بلاک کرنے کے لئے نادرا کو مراسلہ لکھ دیا ہے‘اس طرح اشتہاریوں کی شناختی دستاویز بلاک ہونے سے ان کی جائیدادیں اور بنک کھاتے بھی منجمد ہو جائیں گے۔ اس وقت صورتحال یہ ہے کہ اے کیٹیگری کے856 اوربی کیٹیگری کے 9ہزار سے زائد اشتہاری ہیں۔ ان خدشات کو بھی نظر انداز نہیں کرنا چاہئے کہ یہ مجرمان عدم گرفتاری کے باعث نا صرف اپنی پرانی ڈگر پر چل رہے ہوں بلکہ اپنے شناختی کارڈز اور موبائلز کو بھی اپنے مذموم مقاصد کے لئے استعمال کر رہے ہوں۔پولیس کو وہ تمام اقدامات کرنے چاہیئں جن سے ان کی گرفتاری ممکن ہو سکے۔ ہم سمجھتے ہیں کہ ان اشتہاریوں کی موبائل سمز اور شناختی کارڈز کی بندش لاہورپولیس کا احسن اقدام ہے جو ان کی جلدگرفتاری میں معاون ثابت ہوگا ۔ نادرا کو چاہئیے کہ وہ پولیس کے خط کے مطابق اس کام کو آگے بڑھائے اور فراہم کردہ معلومات کی روشنی میں اشتہاریوں کے شناختی کارڈز کوبلاک کرنے میں پولیس کی معاونت کرے تاکہ ان اشتہاریوں کو غیر متحرک کیا جا سکے اوران کی جائیدادیں اور بنک اکائونٹس منجمد کر کے انکی گرفتاری کو جلد ممکن بنا یا جا سکے۔