لاہور(سپورٹس رپورٹر) برمنگھم میں پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان آج اہم میچ کھیلا جائیگا تاہم گزشتہ روز کی بارش کی وجہ سے میچ سے قبل پاکستان کرکٹ ٹیم کو اِن ڈور پریکٹس کرنا پڑی اورکھلاریوں کی ٹریننگ وارم اپ اور نیٹس میں ناکنگ تک محدود رہی۔ انگلینڈ سے موصولہ اطلاعات کے مطابق گزشتہ روز برمنگھم میں صبح سے ہی بارش کا سلسلہ جاری رہا تاہم محکمہ موسمیات کے مطابق آج میچ کے روز بارش کا امکان نہیں ہے تاہم بادل چھائے رہنے کی پیش گوئی کی گئی ہے ۔ گزشتہ روز بارش کی وجہ سے گراؤنڈ گیلی ہو نے کی وجہ سے کھلاڑیوں نے انڈور ہال میں ٹریننگ کی۔ہال ہی میں کھلاڑیوں نے فٹبال کھیل کر وارم اپ ٹریننگ کی اور زیادہ تر کھلاڑیوں نے صرف وارم اپ ناکنگ کی۔اِن ڈور نیٹس میں فاسٹ بولرز چھوٹے رن اپ سے ہی باؤلنگ کرتے رہے ۔ایک نیٹ پر وکٹ کیپر سرفراز احمد کیپنگ کی پریکٹس کرتے رہے تو دوسری جانب بیٹسمین ناکنگ کرتے رہے ۔ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان اس میچ میں کامیابی ورلڈ کپ میں پاکستان کی امیدوں کو برقرار رکھے گی جبکہ شکست کی صورت میں پاکستان ٹیم کے سیمی فائنل میں پہنچنے کے امکانات مزید کم ہو جائیں گے اور اسکی رسائی کا انحصار انگلینڈ کے میچز کے نتائج پر ہوگا۔دوسری جانب قوومی ٹیم کے باؤلنگ کوچ اطہر محمود کا کہنا ہے کہ کھلاڑی نیوزی لینڈ کے خلاف بھی اپنی بھر پور کارکردگی دکھائیں گے ۔