لاہور(سپورٹس رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ نے بنگلہ دیش کوآئندہ ماہ شیڈول دو میچوں کی سیریز کا ایک ٹیسٹ کراچی میں ڈے اینڈ نائٹ کھیلنے کی تجویز دے دی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ پاک بنگلہ دیش ٹیسٹ سیریز کے دوران ڈے نائٹ میچ کروانے کا خواہشمند ہے ۔ ذرائع نے بتایا کہ پی سی بی ممکنہ طور پر پاک بنگلہ دیش سیریز کا کراچی ٹیسٹ کو پنک بال ٹیسٹ (ڈے نائٹ میچ) میں تبدیل کرسکتا ہے ۔ یاد رہے کہ مارچ 2009 میں سری لنکن ٹیم پر ہونے والے حملے کے بعد سے غیر ملکی ٹیموں نے پاکستان آکر کھیلنے سے انکار کردیا تھا۔ سری لنکن ٹیم کی جانب سے پاکستان میں 2 ٹیسٹ میچز پر مشتمل سیریز کھیلنے کی رضامندی کا اظہار کیا ہے ۔ ذرائع کے مطابق اس کے ساتھ ساتھ کرکٹ کا اور نیا فیچر یعنی ڈے نائٹ ٹیسٹ میچ بھی پاکستان منعقد ہوسکتے ہیں۔ سری لنکا کے بعد بنگلہ دیش کا بھی دورہ پاکستان متوقع ہے جس کا شیڈول پی سی بی نے بنگلہ دیشی کرکٹ بورڈ کو ارسال کردیا ہے جس میں ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ میچ کی بھی پیشکش کی گئی ہے ۔اس سلسلہ میں چیئرمین پی سی بی احسان مانی نے کہا ہے کہ اس کا مقصد ڈے اینڈ نائٹ کرکٹ کی حوصلہ افزائی کرنا اور بنگلہ دیش کو پیش کش کرنے کی وجہ کم ہوتے شائقین کو سٹیڈیم میں لانا ہے ۔ ہمارا ارادہ ہے کہ ہوم سیریز میں کم از کم ایک ٹیسٹ ڈے اینڈ نائٹ ہو۔ احسان مانی نے کہا کہ خالی میدانوں میں ٹیسٹ کرکٹ کھیلنا مناسب نہیں ہے اور اس خیال کے ساتھ ہمیں امید ہے کہ تماشائی شام کو اپنے کام سے واپسی پر اس منفرد تجربے سے فائدہ اٹھائیں گے ۔