پٹنہ( نیٹ نیوز) بھارت میں ایک سو ایک سالہ وکیل نارائن سنگھ اس عمر میں بھی روزانہ کی بنیاد پر عدالت جاتے ہیں اور گھن گرج کیساتھ مقدمات کی پیروی کرتے ہیں،دلائل پیش کرتے ہیں، انہیں آئین کی شقیں ازبرہیں جن سے وہ مخالف وکیل کو چت کر دیتے ہیں۔پٹنہ شہر کے رہائشی ناران سنگھ پیرانہ سالی میں بھی چاق و چوبند ہیں اور ٹھوک بجا کر وکالت کر رہے ہیں، ان کے معمولات زندگی کو دیکھ کر نوجوان بھی حیران رہ جاتے ہیں۔نارائن سنگھ نے 1948 میں کلکتہ سے قانون کی ڈگری حاصل کی اور کیریئر کا آغاز بطور لیکچرار کیا تاہم والد کی خواہش پر آبائی علاقے واپس لوٹے اور 1952 میں وکالت شروع کر دی۔ وہ مسلسل 67 سال سے مقدمات کی پیروی کرنیوالے بھارت کے واحد وکیل ہیں۔نارائن سنگھ اپنی صحت کا راز سادہ طرز زندگی، خوش مزاجی اور سبزیوں کے استعمال کو قرار دیتے ہیں۔