واشنگٹن (این این آئی)رکن امریکی کانگریس شیلا جیکسن لی نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیرکے باعث پاکستان اوربھارت نیوکلیئر جنگ کے دہانے پر ہیں۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق امریکی کانگرس شیلا جیکسن نے اپنے تحریری بیان میں کہا کہ جموں وکشمیرکی حیثیت کی تبدیلی کے فیصلے سے خطرناک بحران نے جنم لیا ہے ۔مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی جارحیت کا سلسلہ تاحال جاری ہے ،بھارتی فوج نے نہتے کشمیریوں کی زندگی اجیرن کردی جبکہ مواصلاتی نظام بھی بند ہے ، بھارت میں حراستی کیمپ قائم کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا امریکہ اوراقوام متحدہ کشمیر میں بحران کے خاتمے میں مؤثرکردارادا کریں۔مقبوضہ کشمیرمیں انسانی حقوق کی بحالی فوری یقینی بنائی جائے ۔ صدرٹرمپ اقوام متحدہ جنرل اسمبلی اجلاس کے موقع پر دونوں ملکوں میں مذاکرات کرائیں۔بھارت مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی صورتحال سے آگاہ کرے ۔ پاک بھارت مذاکرات ہی مسئلہ کشمیر کا واحد حل ہیں۔