سڈنی (اسپورٹس ڈیسک) آسٹریلیا اور بھارت کا تیسرا ٹیسٹ ڈرا ہوگیا۔ مہمان ٹیم نے 407 رنز کے تعاقب میں کھیل ختم ہونے تک 5 وکٹوں پر 334 سکور کیا اور ایک ایسے ٹیسٹ میں جہاں بھارت کی شکست یقینی تھی ہنوما وہاری اور روی چندرن ایشون نے پر عزم بیٹنگ کرتے ہوئے ناصرف 256 گیندیں جھیلیں بلکہ ٹیسٹ ڈرا کرنے میں بھی کامیاب ہوگئے ۔ بھارت نے میچ کے پانچویں دن 98/2 کے سکور پر اپنی دوسری اننگز کا آغاز کیا رہانے 4 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے ۔ چیتشور پجارا اور رشبھ پانٹ نے بالترتیب 77 اور 97 رنز کی شاندار اننگز کے ذریعے 148رنز کی شراکت قائم کی۔ وہاری اور ایشون نے 256 گیندوں پر 62رنز کی شراکت قائم کرکے بھارت کو شکست سے بچا لیا۔ یاد رہے کہ آسٹریلیا نے پہلی اننگز میں338 جبکہ دوسری میں 6 وکٹوں پر 312 رنز بنا کر اننگز ڈکلیئر کر دی تھی جبکہ بھارت پہلی میں 244 جبکہ دوسری میں 5 وکٹوں پر 334 رنز بنا سکا تھا ۔ سمتھ مین آف دی میچ رہے ۔