سری نگر(کے پی آئی) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج نے دہشتگردی کی کارروائی میں نوجوان کوشہید کردیا جبکہ جھڑپوں میں 2بھارتی اہلکار ہلاک ہوگئے ۔شوپیاں میں نوجوان کو شہید کیا گیا ،کئی علاقوں میں شہریوں کی گرفتاریاں کی گئی ہیں جبکہ شوپیاں میں انٹرنیٹ سروس بند کردی گئی ہے ، شہریوں نے جموں میں بھارتی حد بندی کمیشن کی تجاویز کیخلاف زبردست احتجاجی مظاہرہ کیا ۔بارودی سرنگ دھماکے میں 12 سالہ لڑکی جمیلہ شدید زخمی ہوگئ۔تفصیلات کے مطابق سری نگر میں بھارتی وزارت دفاع کے ترجمان نے میڈیا کو بتایا کہ جنوبی کشمیر کے شوپیاں ضلع میں ہفتہ کو ایک جھڑپ میں دو فوجی اہلکار سنتوش یادو اور سیپ چوان رومیت تاناجی مارے گئے ، پولیس کے مطابق عبدالسلام بٹ ولد مرحوم محمد رمضان بٹ کی رہائش گاہ سے فوج پر فائرنگ کی گئی جس میں دو فوجی ہلاک ہوگئے ، جوابی کارروائی میں ایک نوجوان قیوم ڈار ساکنہ کاکہ پورہ پلوامہ شہید ہوگیا ، ادھر شوپیاں میں این آئی اے نے دسویں کلاس کے طالب علم فیاض احمد میر کو گرفتار کر لیا ۔ بدنام زمانہ بھارتی تحقیقاتی ادارے نیشنل انویسٹی گیشن ایجنسی نے وادی کشمیر میں مختلف مقامات پر چھاپوں کا سلسلہ شروع کر دیا ہے ۔