مکرمی ! سرد موسم کے آغاز کیساتھ ہی سموگ کہلانے والی فضائی آلودگی روز بروز بڑھ رہی ہے جس کے باعث شہریوں کی کثیر تعداد مختلف بیماریوں مثلاً نزلہ ، زکام ، گلے کے درد ، اور آنکھوں میں جلن جیسے امراض کا شکار ہورہی ہے۔ سموگ کے مضر صحت اثرات سے بچنے کے لیے ضروری ہے کہ اس کے بارے میں مکمل آگاہی حاصل کی جائے تاکہ اس کے نقصانات سے بچا جاسکے۔ سموگ آلودہ گیسوں اور مٹی کے ذرات کا مجموعہ ہے ۔ سموگ میں موجود دھوئیں اور دھند کے آمیزے میں کاربن مونو آ کسائیڈ، نائٹروجن آکسائیڈ، میتھین جیسے مختلف زہریلے کیمیائی مادے بھی شامل ہیں اور پھر فضا میں موجود ہوائی آلودگی اور بخارات کا سورج کی روشنی میں دھند کے ساتھ ملنا سموگ کی وجہ بنتا ہے ۔ اس کے علاوہ بارشوں میں کمی، فضلوں کو جلائے جانے ، کارخانوں اورگاڑیوں کے دھوئیں اور درختوں کو کاٹ کر قدرتی ماحول میں بگاڑ پیدا کرنا سموگ کی بنیادی وجوہات میں شامل ہے۔ سموگ فضائی آلودگی انسانی صحت کے لئے بے حد نقصان دہ ہے۔ہر ممکن احتیاط کے علاوہ ہمیں اپنے علاقے میں موجود پودوں اور درختوں کو کاٹنے سے اجتناب کرنا چاہئے اور درختوںمیں اضافہ کرنا چاہئے ۔وہ لوگ جو دمے یا سانس کی مختلف بیماریوں میں مبتلا ہیں انہیں زیادہ رش یا ٹریفک جام والی جگہوں پر جانے سے اجتناب کرنا چاہئے، تاکہ مختلف بیماریوں کا باعث بننے والی خطرناک سموگ کے زہریلے اثرات سے بچا جاسکے۔ ( رانا اعجازحسین چوہان، ملتان)