بے گھر بگٹی قبائل کی بحالی کا مستحسن فیصلہ اسلام آباد سے روزنامہ 92نیوز کی رپورٹ کے مطابق وفاقی حکومت نے صوبہ بلوچستان میں احساس محرومی کے شکار اور 2005ء کے آپریشن کے نتیجہ میں بے گھر ہو جانے والے ڈیرہ بگٹی کے بگٹی قبائل کی ان کے علاقوںمیں ازسر نو بحالی کا حتمی فیصلہ کر لیا ہے۔ اس سلسلہ میں ان کو گھروں کی تعمیر کے لئے امداد بھی دی جائے گی۔ حکومت کا یہ فیصلہ انتہائی قابل تحسین ہے کیونکہ صوبہ بلوچستان میں احساس محرومی کی جڑیں بہت گہری ہیں اور ماضی کی تمام حکومتیں صوبے کی بہتری اور ترقی کے حوالے سے چشم پوشی سے کام لیتی رہی ہیں جس کی وجہ سے بلوچستان کے عوام برسوں بے چینی اور بے یقینی کی صورتحال کا شکار رہے ہیں۔ صوبے کی موجودہ صورت حال اس امر کی متقاضی تھی کہ اس کی فلاح و بہبود اور ترقی کے لئے بھر پور توجہ دی جائے کیونکہ بلوچ عوام گزشتہ کئی برسوں سے بم دھماکوں‘ دہشت گردی اور انتہا پسندی کی وارداتوں کی وجہ سے انتہائی نامساعد حالات کا سامنا کرتے رہے ہیں۔ صوبے میں قیام امن کے لئے کئے گئے آپریشنوں کے بعد اب حالات اس خوشگوار مرحلہ پر پہنچ گئے ہیں کہ اب وہاں کے بے گھرہونے والے قبائل کی دستگیری کی جائے۔ لہٰذا موجودہ حالات میں وفاقی حکومت کی طرف سے کئے جانے والے اقدامات سے نہ صرف علاقے میں ترقی و بحالی کا عمل تیز ہو گا بلکہ یہ اقدامات بلوچستان کے عوام کے دلوں سے احساس محرومی ختم کرنے کا باعث بنیں گے اورصوبے کی اجتماعی ترقی میں معاون ثابت ہو نگے۔