وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے پنجاب حکومت کی جانب سے ہر سال ہفتہ شان رحمت للعالمینؐ منانے اور 50کروڑ روپے کے ابتدائی فنڈ سے رحمت للعالمینؐ سکالر شپ کے اجراکا اعلان کیا ہے ۔پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ مغرب کو سمجھ لینا چاہیے کہ مسلمان اپنی جان تو قربان کر سکتا ہے مگر حضور نبی کریمؐ کی شان اقدس میں گستاخی برداشت نہیں کر سکتا۔بلا شبہ فرانسیسی صدر کی جانب سے توہین آمیز خاکوں کی اجازت دینے اور ان کے اسلام مخالف بیانات کے خلاف مسلم دنیا میں سب سے پہلا اورشدید ردعمل پاکستان اور ترکی نے دیا ہے ۔وزیر اعظم عمران خان‘ وزیر اعلیٰ پنجاب سمیت پوری کابینہ نے مغرب کی حضور نبی کریمؐ کی شان اقدس میں دریدہ دہنی کا موثر جواب دیا اور وفاقی حکومت نے اپنی سطح پر ہفتہ عشق رسول منانے کا اعلان کیا جبکہ پنجاب حکومت نے ہر سال ہفتہ رحمت للعالمینؐ منانے اور اس مقصد کے لئے 50کروڑ روپے کے سکالر شپ کے اجراء کرکے حضور نبی کریمؐ کے ساتھ اپنے بے لوث عشق و محبت کا اظہار کیا ہے جس کی جتنی بھی تعریف کی جائے کم ہے۔ اس میں کوئی شبہ نہیں کہ حضور نبی کریمؐ کی رسالت پر ایمان اور اپنے والدین اور اولاد سے بھی زیادہ آپ کے ساتھ محبت کا اظہار کیے بغیر کوئی شخص مومن نہیں کہلا سکتا۔ خود رب ذوالجلال کی ذات نے فرمایا ہے کہ (اے محمد) ہم نے آپ کے ذکر کو بلند کر دیا ہے‘ لہٰذا کسی دریدہ دہن کو ہرزہ سرائی کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ رحمت للعالمینؐ فنڈ کا صحیح استعمال کیا جائے اور اسے نادار اور غریب لوگوں کی تعلیم کا بندوبست کیا جائے تاکہ دنیائے انسانیت کے پہلے معلم حضور نبی کریمؐ کی ذات سے اپنی محبت اور وابستگی کا عملی اظہار کیا جا سکے۔